1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش سے منائی جا رہی ہے

10 جولائی 2022

دنیا بھر کے کئی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آج عید قربان کی خوشیاں عروج پر ہیں۔ لوگ نماز عید کے بعد سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی میں مصروف ہیں۔

https://p.dw.com/p/4Dulq
Pakistan Islamisches Opferfest | Karatschi | Gebet
تصویر: Akhtar Soomro/REUTERS

دنیا بھر کے کئی ممالک کی طرح پاکستان، بھارت اور بنگلا دیش میں بھی آج مسلمان عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔  یہ مذہبی تہوار حضرت ابراہیم کی جانب سے خدا کی راہ میں قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

پاکستان میں آج  کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات کی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔

Pakistan Islamisches Opferfest | Peschawar | Kamel vor Schlachtung
عید قرباں کے موقع پر عوام پورے مذہبی جوش و خروش سے جانوروں کی قربانی کرنے میں مصروف ہیں۔تصویر: Fayaz Aziz/REUTERS

عید کے اس پر مسرت موقع پر پاکستانی سیاستدانوں اور عوامی شخصیات نے بھی اپنے ٹوئیٹس کے ذریعے عوام کو عید کی مبارک باد دی اور اپنے سوشل میڈیا پر عید کے حوالے سے مختلف پیغامات لکھے۔

وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے پیغام میں پوری پاکستانی قوم کو عید کی مبارک باد کے ساتھ ساتھ کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین بھی کی۔

صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قوم اور عالم اسلام کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عیدالاضحٰی کے مبارک موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ  بلاول بھٹو زرداری نے نماز عید گڑھی خدا بخش میں ادا کی اور نماز ادا کرنے کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر پر بھی پوسٹ کی جس میں انہیں وزیر اعلی سندھ اور سیاسی رہنما سید قائم علی شاہ کے ساتھ عید کی نماز ادا کرتے ہوئے دیکھا  جا سکتا ہے۔

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان نے اپنے ٹوئیٹ میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد پیش کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی بھی کی۔

واضح رہے کہ عید الفطر کے بعد عید قربان مسلمانوں کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے جو حضرت ابراہیم کی جانب سے خدا کی راہ میں قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ عید الاضحیٰ ہجری سال کے آخری مہینے ذی الحج کی دس تاریخ کو منایا جاتا ہے۔

Pakistan Islamisches Opferfest | Rawalpindi, Gebet
واضح رہے کہ عید الفطر کے بعد عید قربان مسلمانوں کا ایک اہم مذہبی تہوار ہے جو حضرت ابراہیم کی جانب سے خدا کی راہ میں قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔تصویر: Farooq Naeem/AFP/Getty Images