ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کا دورہ پاکستان
3 اکتوبر 2024ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم جب اسلام آباد کے نور خان ایئرپورٹ پر بدھ کو پہنچے، توپاکستانی ہم منصب شہباز شریف نے ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
اس موقع پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے انہیں گلدستے پیش کیے اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا نیز 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
اس سرکاری دورے کے دوران ملائیشیا کے وزیر اعظم پاکستانی ہم منصب شہباز شریف کے ساتھ تجارت، توانائی، زراعت، سیاحت، ثقافتی تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستانی پائلٹ ملائیشیا میں بھی معطل
ملائیشیا کے وزیر اعظم کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی آیا ہے، جس میں وزیر خارجہ داتو سیری اتاما حاجی محمد بن حاجی حسن اور بین الاقوامی تجارت اور صنعت کے وزیر، سینیٹر ٹینگکو داتوک سری اتاما ظفرال ٹینگکو عبدالعزیز کے ساتھ ہی متعدد وزرا شامل ہیں۔
'امہ امہ کی رٹ لگانا بند کرنا چاہیے‘
باہمی، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال
پاکستان کی مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق دونوں ملک تجارت، روابط، توانائی، زراعت، حلال صنعت، سیاحت، ثقافتی وفود کے تبادلوں اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے وسیع ایجنڈے پرتبادلہ خیال کریں گے۔
ملائیشیا کے وزیرِ اعظم مہاتیرمحمد کا دورہ پاکستان
اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملائیشیا کے وزیر اعظم کے سرکاری دورے میں دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کا بھی امکان ہے۔
مہاتیر کا اسلامی سمٹ کا دفاع، اسلام کی موجودہ حالت پر افسوس
دفتر خارجہ نے اس سے قبل اس دورے سے متعلق ایک پریس ریلیز میں کہا تھا کہ "پاکستان اور ملائیشیا تاریخ، ثقافت اور عقیدے سے جڑے مضبوط دوطرفہ تعلقات سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ یہ دورہ پاکستان ملائیشیا تعلقات کو مزید فروغ دینے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔"
اس دورے کے دوران وزیر اعظم انور ابراہیم نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں ایک لیکچر بھی دینے والے ہیں، جہاں انہیں فلسفہ میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے بھی نوازا جائے گا۔
ملائیشیا اجلاس ،'سعودی ناراض اور عمران کی معذرت‘
وزیر اعظم انور ابراہیم صدر آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے، جو انہیں پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نوازیں گے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق گزشتہ برس ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان تجارت کا حجم 1.4 بلین ڈالر تھا، جو سن 2022 میں ریکارڈ کیے گئے 1.78 بلین ڈالر سے 18 فیصد کم رہا۔
ص ز/ ج ا (نیوز ایجنسیاں)