1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مظاہرین نے پاک چین سرحد بند کر دی، سفر اور تجارت متاثر

9 اگست 2024

کئی ہفتوں سے ٹیکسوں کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے پاک چین سرحد بند کر دی ہے۔ احتجاج کے باعث سفر اور تجارت معطل ہیں جبکہ مقامی اور بین الاقوامی سیاح تقریباً 4,600 میٹر کی بلندی پر پھنسے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/4jIqy
خنجراب پاس کی ایک فائل فوٹو
خنجراب پاس کی ایک فائل فوٹوتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

ایک مقامی اہلکار عمران علی نے جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانکے شمالی علاقے گلگت بلتستان کے تاجروں نے اپنا احتجاج گزشتہ ماہ شروع کیا تھا۔ اب ان مظاہرین نے تجارتی ٹرکوں اور مسافر گاڑیوں کو خنجراب پاس پر سرحد عبور کرنے سے روک دیا ہے۔

عمران علی نے مزید بتایا کہ سرحد کے دونوں طرف تجارتی سامان لے جانے والی سینکڑوں گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ مقامی پولیس اہلکار عبدالقدیر نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ہزاروں افراد دو ہفتوں سے بھی زیادہ عرصے سے چین میں داخل ہونے کا انتظار کر رہے ہیں۔

خنجراب پاس کی ایک فائل فوٹو
خنجراب پاس کی ایک فائل فوٹوتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

 عبدالقدیر کے مطابق جو مسافر سرحد پر پھنسے ہوئے ہیں، ان میں برطانیہ، اسپین اور فرانس سے تعلق رکھنے والے سیاح بھی شامل ہیں۔

مقامی ٹریڈ یونین رہنما محمد جاوید نے بتایا ہے کہ تاجر برادری حکومت پاکستان کی طرف سے چینی درآمدات پر اضافی ٹیکس اور ڈیوٹیز عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے اُس مرکزی شاہراہ کو بلاک کر دیا ہے، جو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے تحت بنائی گئی تھی۔ یہ سڑک اُس روڈ اینڈ بیلٹ انیشی ایٹو کا حصہ ہے، جو چینی صدر شی جن پنگ نے کئی دیگر ممالک میں بھی شروع کر رکھا ہے۔

صوبہ بلوچستان سمیت کئی دیگر اہم علاقوں میں احتجاجی مظاہروں اور عسکریت پسندی کی وجہ سے کئی بنیادی ڈھانچے کے منصوبے تاخیر کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے بیجنگ اور اس کا اتحادی اسلام آباد دونوں ہی مایوس نظر آتے ہیں۔

ا ا / ش ر (ڈی پی اے)