1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس نے کریمیا پل دھماکے کے الزام میں آٹھ افراد گرفتارکر لیے

12 اکتوبر 2022

ماسکو کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے افراد نے یوکرینی خفیہ ایجنسی کی ایما پر دھماکا خیز مواد روسی علاقے میں پہنچایا تھا۔ یوکرین نے اس حملے میں ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی تاہم یوکرینی حکام نے اس نقصان پر خوشی منائی تھی۔

https://p.dw.com/p/4I4km
Ukraine Krieg Krim-Brücke
تصویر: AFP/Getty Images

روس کی سلامتی کے وفاقی ادارے (ایف ایس بی) نے گذشتہ ہفتے کریمیا پل کو نقصان پہنچانے والے دھماکے کے الزام میں پانچ روسی باشندوں کے ساتھ ساتھ  یوکرین اور آرمینیا کے تین شہریوں کو حراست میں لے لیا ہے۔  ایف ایس بی کا کہنا ہے کہ اس دھماکے میں یوکرین کی ملٹری انٹیلی جنس اور اس کے ڈائریکٹر کیریلو بودانوف ملوث ہیں۔ ایف ایس بی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق  بائیس ہزار کلو گرام سے زائد دھماکا خیز مواد پلاسٹک کے بائیس رولز میں چھپایا گیا تھا۔ اس دھماکا خیز مواد کو  اگست میں یوکرین کی بندرگاہ اوڈیسا سے  ایک کشتی کے ذریعے بلغاریہ  روانہ کیا گیا۔

پوٹن نے یوکرین میں 'حساب لگانے میں غلطی کر دی'، بائیڈن

Ukraine Krieg Krim-Brücke Stau
دھماکے کے بعد پل کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھاتصویر: Anna Karpenko/AFP/Getty Images

اس کے بعد وہ جارجیا میں پوٹی کی بندرگاہ سے گزرکر بذریعہ سڑک پہلے آرمینیا اور پھر  روس پہنچایا گیا۔ ایف ایس بی نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد چار اکتوبر کو جارجیا کی لائسنس پلیٹ والے ٹرک کے ذریعے روس میں داخل ہوا تھا اور دھماکوں سے دو دن قبل یعنی چھ اکتوبر کو کراسنوڈار کے علاقے میں پہنچایا گیا تھا۔فیڈرل سیکیورٹی سروسز یا ایف ایس بی سوویت دور میں سلامتی کے ادارے کے جی بی کی جانشین سمجھی جاتی ہے۔ ایف ایس بی کے مطابق اس نے ماسکو اور مغربی روسی شہر برائنسک دونوں میں مبینہ یوکرینی حملوں کو روکا ہے۔

اقوام متحدہ: روس کے خلاف مذمتی قرارداد کے لیے راستہ ہموار

یوکرین نے سرکاری طور پر پل دھماکے میں اپنے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے، لیکن کچھ یوکرینی حکام نے اس نقصان پر خوشی کا اظہار کیا۔ بارہ میل لمبے پل پر ہونے والے دھماکے  سے پل کا ایک حصہ تباہ ہو گیا تھا،اس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ اس کے بعد عارضی طور پر اس پل کو ٹریفک کے لیے بند کرنا پڑا تھا۔ اس دھماکے نے جنوبی روس سے منسلک اس جزیرہ نما علاقے کی طرف جانے والی ٹرین پر رکھے گئے متعدد ایندھن کے ٹینکروں کو بھی تباہ کردیا۔

Krim | Brand auf Kertsch-Brücke
کریمیا پل روس کی جنوبی یوکرین میں جاری فوجی کاروائی کے لیے رسد کا انتہائی اہم زریعہ ہےتصویر: Konstantin Mihalchevskiy/SNA/IMAGO

یہ پل ایک ُپر وقار منصوبہ تھا جس کا افتتاح  روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے 2018 ء میں ذاتی طور پر کیا تھا۔  یہ  پل اس لیے بھی بہت اہم ہےکہ اس کے ذریعے یوکرین میں جاری روسی فوجی مہم  کے دوران جنوبی یوکرین میں لڑنے والے روسی فوجیوں کو کمک پہنچائی جاتی ہے۔ اس دھماکے کے بعد  روسی افواج نےیوکرین کے شہروں اور انفراسٹرکچر پر بڑے پیمانے پر میزائل حملے کیے۔ ایک روسی ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے روسی قومی سلامتی کونسل کے اجلاس میں صدر پوٹن کا کہنا تھا کہ یہ حملے کریمیا پل دھماکے کا بدلہ ہیں، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اسے یوکرین کی خفیہ سروسز نے منظم کیا تھا۔

ش ر ⁄ ع ط (روئٹرز، اے ایف پی)

 

یوکرینی فوج کی جوابی کارروائی روسی فورسز پریشان