1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتیورپ

پوٹن نے یوکرین میں 'حساب لگانے میں غلطی کر دی'، بائیڈن

12 اکتوبر 2022

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وہ صدر پوٹن کو ایک 'سمجھدار شخص' سمجھتے ہیں، جنہوں نے یوکرین کے مزاج کو سمجھنے میں غلطی کر دی۔ ادھر روسی فضائی حملوں کے بعد یوکرین کے صدر نے ایئر شیلڈ کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4I41J
US Präsident Joe Biden
تصویر: Susan Walsh/AP/picture alliance

صدر جو بائیڈن نے امریکی میڈیا ادارے سی این این کے ساتھ ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ان کے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن نے یوکرین پر قبضہ کرنے کے لیے ماسکو کی صلاحیت کا اندازہ لگانے میں غلطی کر دی۔

جو بائیڈن نے انٹرویو کے دوران کہا، ''مجھے لگتا ہے کہ وہ ایک عقلمند شخص ہیں، جنہوں نے اندازہ لگانے میں نمایاں طور پر سنگین غلطی کر دی۔''

اقوام متحدہ: روس کے خلاف مذمتی قرارداد کے لیے راستہ ہموار

ان کا مزید کہنا تھا، ''میرے خیال سے۔۔۔۔۔۔ انہوں نے سوچا کہ وہاں ان کا کھلے بازوؤں سے استقبال کیا جائے گا، اور یہ کہ ان کی ماں روس کا گھر کییف میں ہے جہاں ان کا استقبال ہوگا۔ مجھے لگتا ہے کہ انہوں نے بالکل غلط اندازہ لگایا۔''

یوکرین میں روسی بارودی سرنگيں صاف کرنے کا کام ایک چیلنج بن گیا

گزشتہ ہفتے بائیڈن نے کہا تھا کہ کریملن حکام کی دھمکیوں کے درمیان اب دنیا کو ''خیر و شر کے درمیان آخری فیصلہ کن جوہری معرکے'' کا خطرہ لاحق ہے۔ تاہم، منگل کے روز جب ان سے پوٹن کے جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو بائیڈن نے کہا کہ ''مجھے نہیں لگتا کہ وہ ایسا کریں گے۔''

زیلنسکی کا 'ایئر شیلڈ' کا مطالبہ

یوکرین کے کئی بڑے شہروں پر روسی حملوں کے بعد صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جی سیون ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ کییف کو اب ''ایئر شیلڈ'' یعنی فضائی حملوں سے دفاع کی اشد ضرورت ہے۔

کیرچ پل 'دہشت گردی' واقعے کے لیے یوکرین ذمہ دار، روسی صدر

 زیلنسکی نے کہا کہ اس ڈھال کے لیے ''لاکھوں لوگ شکر گزار ہوں گے۔'' انہوں نے مزید کہا کہ پیر کے میزائل حملوں کے بعد روس کی جانب سے ''مزید حملے بڑھنے کی گنجائش باقی ہے۔''

یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ روس نے منگل کے روز بھی یوکرین پر  28 میزائل داغے۔ ان کا کہنا تھا کہ 15 ڈرونز، جو ''بنیادی طور پر ایرانی ڈرونز'' تھے، ان حملوں میں ملوث تھے، جس میں سے زیادہ تر ڈرونز کو مار گرایا گیا۔

Ukraine | Präsident Wolodymyr Selenskyj
صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جی سیون ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ کییف کو اب ''ایئر شیلڈ'' یعنی فضائی حملوں سے دفاع کی اشد ضرورت ہےتصویر: Ukrainian President'S Office/APA Images/ZUMA/picture alliance

یوکرین کے جنرل اسٹاف کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں دو درجن سے بھی زیادہ شہروں اور دیہاتوں پر حملے ہو چکے ہیں۔ اس سے پہلے یوکرینی حکام نے کہا تھا کہ جنوبی علاقے زاپوریژیا پر حملے کے سبب سات افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

پوٹن کے خلاف 'لوگوں کی نفرت' بڑھ رہی ہے

جرمن وزیر دفاع کرسٹینا لامبریشٹ کا کہنا ہے کہ روس یوکرین میں شہریوں کو ''دہشت زدہ'' کر رہا ہے۔ نیٹو ممالک کے وزراء دفاع کے اجلاس کے موقع پر انہوں نے کہا، ''کییف کے لیے ہماری حمایت بلا روک ٹوک جاری رہنی چاہیے۔''

جرمن وزیر دفاع نے کہا کہ یوکرین کے شہروں پر میزائلوں کی بمباری کے ساتھ، پوٹن بے شرمی سے شہری آبادی کو دہشت زدہ کر رہے ہیں۔ ''ان کے منصوبوں کی ناکامی کے ساتھ ہی واضح طور پر لوگوں میں ان سے نفرت میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔''

روسی حملوں کی مذمت کا مطالبہ

یورپ میں امریکی فوج کے سابق کمانڈر بین ہوجز نے ڈی ڈبلیو سے بات چیت میں کہا کہ عالمی برادری یوکرین کے شہروں پر روس کے تازہ حملوں کو جنگی جرائم قرار دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میزائل فائر کیے جانے والے ہر ذمہ دار اور فرد کا نام جاری کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو معلوم ہونا چاہیے کہ وہ کون ہیں۔ انہوں نے مغربی ممالک پر بھی زور دیا کہ وہ یوکرین کو مزید فضائی دفاع فراہم کریں۔

ہوجز نے کہا ''ہم سب کو ان یورپی شہریوں کی حفاظت کے لیے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے جو روسی میزائلوں سے مارے جا رہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے مزید فضائی دفاعی نظام کی فراہمی۔''

ہوجز نے کہا کہ روسی فوج یوکرین میں ہار رہی ہے اور وہ مغربی حمایت کو کمزور کرنے کے لیے تنازع جاری رکھنے کے حق میں ہے۔

ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)

یوکرینی فوج کی جوابی کارروائی روسی فورسز پریشان