1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجنوبی افریقہ

جنوبی افریقہ: بار میں فائرنگ سے پندرہ افراد ہلاک

10 جولائی 2022

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کی ایک سویٹو نامی بستی میں واقع ایک بار میں نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے کم ازکم پندرہ افراد ہلاک اور دیگر نو زخمی ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/4DvAp
جنوبی افریقہ: بار میں فائرنگ سے پندرہ افراد ہلاک
پولیس کے مطابق حملہ آور ایک منی بس ٹیکسی میں سوار ہو کر آئے اور بار پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی۔تصویر: Shiraaz Mohamed/AP/dpa/picture alliance

جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ کے مغرب میں واقع سویٹو بستی میں ایک بار یا شراب خانے پر اتوار دس جولائی کی علی الصبح حملہ آوروں نے فائرنگ  کر دی۔ اس کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک اور دیگر نو زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد ایک منی بس ٹیکسی میں سوار ہو کر آئے اور بار پر اندھادھند فائرنگ شروع کردی، جس کی وجہ سے بار کے اندر موجود افراد نے جان بچانے کی کوشش میں فرار ہونے کی کوشش کی۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے کرس ہانی برگواناتھ نامی مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

جنوبی افریقہ کے بار میں فائرنگ سے ایک درجن سے زائد افراد ہلاک
سویٹو بستی میں ملک کی سیاہ فام برادری کی سب سے بڑی آبادی مقیم ہے۔تصویر: Ihsaan Haffejee/AFP/Getty Images

بتایا گیا ہے کہ نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم پولیس کی جانب سے ان کی تلاش کی جارہی ہے۔

گوٹینگ صوبے کے پولیس کمشنر لیفٹننٹ جنرل الیا ماویل نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حملے کی وجوہات واضح نہیں ہیں تاہم جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ مرد حملہ آوروں نے گروپ کی شکل میں یہ کارروائی کی ہے۔

جوہانسبرگ کی سویٹو بستی میں ملک کی سیاہ فام برادری  کی سب سے بڑی آبادی مقیم ہے۔ اس علاقے کے نوجوان بے روزگاری اور وسیع پیمانے پر غربت جیسے مسائل سے دوچار ہیں۔

جنوبی افریقہ: بار میں فائرنگ سے پندرہ افراد ہلاک
پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔تصویر: Ihsaan Haffejee/AFP/Getty Images

جنوبی افریقہ کا شمار دنیا کے ایسے پرتشدد ممالک  میں ہوتا ہے، جہاں ہر سال بیس ہزار افراد کو قتل کیا جاتا ہے۔ یہ عالمی سطح پر سب سے زیادہ فی کس قتل کی شرح میں سے ایک ہے۔

قبل ازیں چھبیس جون کو جنوبی افریقہ کے ساحلی قصبے مشرقی لندن میں واقع ایک اور بار میں اکیس نوجوان افراد کی پراسرار موت ہوگئی تھی۔ ان افراد کی موت کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں۔ تفتیش کاروں نے فائرنگ اور بھگدڑ  جیسی دونوں وجوہات کو مسترد کر دیا ہے۔ خدشہ ہے کہ انہیں گیس یا زہر دے کر مارا گیا ہے۔ اس واقعہ کے نتیجے میں بھی مقامی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ع آ / ر ب (اے ایف پی، اے پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں