1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن برآمدات میں ریکارڈ اضافہ، تجارتی بچت میں کمی

8 فروری 2019

اقتصادی قوتوں کے مابین عالمی تجارت سے متعلق تناؤ کے باوجود سن 2018 جرمن مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے ایک اور ریکارڈ ساز سال ثابت ہوا تاہم درآمدات میں بھی اضافے کی وجہ سے تجارتی بچت میں کمی دیکھی گئی۔

https://p.dw.com/p/3D0ef
Bildkombo: Made in Germany und Best Never Rest

جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ’میڈ ان جرمنی‘ یعنی جرمنی میں تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں مسلسل نویں برس اضافہ ہوا۔ امریکا اور دنیا کی بڑی اقتصادی قوتوں کے مابین عالمی تجارت پر پائے جانے والے اختلافات کے باوجود سن 2018 میں جرمن برآمدات میں تین فیصد اضافہ ہوا۔

گزشتہ برس کے دوران جرمنی سے برآمد کی جانے والی مصنوعات کی مالیت تیرہ سو ارب یورو (قریب ڈیڑھ ہزار ارب امریکی ڈالر) رہی۔ یہ امر بھی اہم ہے کہ گزشتہ برس تین فیصد اضافہ ہوا جب کہ سن 2017 کے دوران جرمن برآمدات میں 6.2 فیصد اضافہ دیکھا گیا تھا۔

وفاقی دفتر شماریات کے اعداد و شمار میں یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ سن 2018 کے آخری دو مہینوں کے دوران جرمن مصنوعات کی برآمد میں اس سے گزشتہ برس کے اسی دورانیے کے مقابلے میں 4.5 فیصد کمی واقع ہوئی۔

ان اعداد و شمار سے تو بظاہر عالمی تجارت کے حوالے سے پائی جانے والی کشیدگی کے جرمن منصوعات کی درآمد پر منفی اثرات دکھائی نہیں دیتے لیکن جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق ملکی صنعت کئی معاملات کے باعث پریشانی کا شکار دکھائی دیتی ہے۔ ان مسائل میں عالمی تجارت کی سست روی، اقتصادی قوتوں کے مابین تجارت کے حوالے سے تنازعات اور بریگزٹ جیسے معاملات نمایاں ہیں۔

جرمنی میں درآمد کی جانے والی مصنوعات میں بھی تیزی سے اضافہ دیکھا گیا۔ وفاقی دفتر شماريات کے مطابق گزشتہ برس ایک ہزار ارب یورو سے زائد مالیت کی اشیاء جرمنی میں درآمد کی گئیں جو کہ اس سے گزشتہ برس کی نسبت 5.7 فیصد زیادہ ہے۔ اسی سبب جرمنی کی مجموعی تجارتی بچت کم ہو کر 227.8 بلین یورو رہ گئی۔ سن 2017 میں جرمنی کی مجموعی تجارتی بجت قریب ڈھائی سو ارب یورو تھی۔

ش ح / ع س (ڈی پی اے، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید