ایران میں پاکستانی زائرین کی ایک اور بس حادثے کا شکار
26 اگست 2024حالیہ دنوں میں شیعہ زائرین اربعین کے مذہبی جلوس میں شرکت کے لیے عراق جاتے رہے ہیں۔ ان میں شامل پاکستانی شہری براستہ ایران یہ زمینی سفر طے کرتے ہیں۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے اِرنا نے پیر چھبیس اگست کے روز اطلاع دی کہ اتوار کی رات کو صوبے فارس کے نیریز شہر کو صوبے کرمان کے شہر سرجان سے ملانے والی مرکزی سڑک پر پاکستانی شیعہ زائرین کی ایک بس اور ایک ٹرک کے مابین تصادم کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 48 زخمی ہوگئے۔ بس میں سوار زائرین کی کل تعداد واضح نہیں۔
اِرنا نے فارس ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کرنل عبدالہاشم دہقانی کے حوالے سے بتایا کہ یہ حادثہ بریک میں ''تکنیکی خرابی‘‘ اور ڈرائیور کے ''گاڑی پر قابو رکھنے میں ناکامی‘‘ کی وجہ سے پیش آیا۔
یہ ایران میں ایک ہفتے کے دوران پاکستانی زائرین کی کسی بس کو پیش آنے والا دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل اربعین میں شرکت کرنے کے لیے عراق جانے والی پاکستانی زائرین کی ایک اور بس وسطی ایران کے صوبے یزد میں حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ایران میں روڈ سیفٹی کی صورتحال سنگین ہے۔ مقامی میڈیا میں شائع شدہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس سال مارچ تک اس سے پہلے کے ایک برس کے دوران ملک میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 20 ہزار سے زائد انسان ہلاک ہو چکے تھے۔
اربعین شیعہ مسلمانوں کے لیے ایک اہم مذہبی دن ہوتا ہے۔ یہ کربلا میں پیغمبر اسلام کے نواسے اور ان کی ساتھیوں کی شہادت کے 40 روز بعد منایا جاتا ہے۔ عراقی حکومت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 22 ملین زائرین نے اربعین کے سالانہ جلوس میں شرکت کی تھی۔
اِرنا کے مطابق رواں برس 19 اگست تک تقریباﹰ 25 ہزار پاکستانی زائرین عراق کے شہر کربلا جانے کے لیے ایران میں داخل ہوئے تھے۔
ح ف / ص ز (اے ایف پی)