1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں ٹرین حادثہ تکنیکی خرابی کے سبب پیش آیا

4 جون 2023

بھارت میں جمعے کو ہونے والا ٹرین حادثہ تکنیکی خرابی کے سبب پیش آیا۔ بھارت کے وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ پٹریاں غلط طریقے سے تبدیل کی گئی تھیں۔ اس حادثے میں 300 سے زائد افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں دیگر زخمی ہوئے۔

https://p.dw.com/p/4SAa5
Indien Zugunglück in Balasore, Odisha
تصویر: Dipa Chakraborty/Eyepix Group/IMAGO

بھارت کے مشرقی صوبے اُڑیسہ میں تین ریل گاڑیوں کے تصادم کے نتیجے میں ہونے والے  حادثے میں 300 سے زائد افراد ہلاک اور سینکڑوں دیگر زخمی ہوئے تھے۔ یہ حادثہ جمعہ دو جون کی شام پیش آیا تھا۔ حادثے کی وجوہات کے بارے میں ہفتے کی شام تک کوئی ٹھوس بیان سامنے نہیں آیا تھا۔ آج اتوار کو بھارت کے وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے نیو ٹیلی وژن نیٹ ورک دہلی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ الیکٹرانک سگنلنگ سسٹم میں خرابی تھی جس کی وجہ سے ٹرین غلط طریقے سے پٹری تبدیل  کر رہی تھی۔ یہ تکنیکی خرابی ٹرینوں کے تصادم کا سبب بنی۔‘‘ وزیر ریلوے نے مزید کہا، ’’یہ کس نے کیا اور اس کی کیا وجہ ہے یہ پتہ چل جائے گا۔‘‘

حادثے کی مکمل تفصیلات ہنوز سامنے نہیں آئی ہیں تاہم وزارت ریلوے کی طرف سے جاری کردہ معلومات میں کہا گیا ہے کہ تین ٹرینوں کا تصادم جمعے کی شام چھ بج کر 55 منٹ پر باہانگا بازار اسٹیشن کے نزدیک ہوا۔ یہ اسٹیشن کولکتہ سے 270 کلومیٹر جنوب کی طرف واقع ہے۔

Indien Zugunglück in Neu-Delhi
الیکٹرانک سگنلنگ سسٹم میں خرابیتصویر: Rafiq Maqbool/AP Photo/picture alliance

تحقیقات کے بارے میں مختلف بیانات

پریس ٹرسٹ آف انڈیا نیوز ایجنسی نے پہلے یہ اطلاع دی تھی کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ کورومنڈل ایکسپریس کو مین ٹریک لائن میں داخل ہونے کے لیے پہلے ایک سگنل دیا گیا تھا جسے بعد میں بند کر دیا گیا۔ ٹرین ایک اور لائن میں داخل ہوئی جسے لوپ لائن کہا جاتا ہے اور وہاں کھڑی ایک مال  گاڑی  سے ٹکرا گئی۔

بھارت: تین ٹرینوں کا تصادم، ڈھائی سو سے زائد افراد ہلاک

اُدھر عینی شاہدین کی طرف سے  بھارت میں گزشتہ دو دہائیوں کے اس سب سے مہلک ریل حادثے کے بارے میں مختلف بیانات سامنے آئے ہیں تاہم اس حادثے میں تین ٹرینوں کے تصادم کی تصدیق ہو گئی ہے۔ کورومنڈل ایکسپریس جومغربی بنگال کے شالیمار اسٹیشن سے جنوبی شہر چنئی جا رہی تھی، ہاوڑہ سُپر فاسٹ ایکسپریس جو بنگلور کے یشونت پور سے ہاوڑہ کی طرف رواں تھی اور ایک مال گاڑی جو باہانگا بازار اسٹیشن پر کھڑی تھی، ان تینوں کے تصادم کے نتیجے میں بھارت میں یہ خوفناک حادثہ پیش آیا۔

Indien Zugunglück in Balasore, Odisha
ٹرین غلط طریقے سے پٹری تبدیل کر رہی تھیتصویر: REUTERS

ریسکیو آپریشن

بھارتی ریاست اڑیسہ میں ہونے والے تصادم کے بعد ریسکیو آپریشن ہفتے کے روز مکمل کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ بالاسور میں قائم کیے گئے ایمرجنسی کنٹرول روم کے ایک اہلکار نے کہا تھا کہ مرنے والوں اور زخمیوں کو حادثے کی جگہ سے نکال لیا گیا تھا۔ ہفتہ کی شام مزید کوششوں سے پندرہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ یہ ریسکیو آپریشن رات بھر جاری رہا کیونکہ ایک انجن کو ہٹانے کے لیے بھاری کرینیں استعمال کی گئیں تاہم مزید کوئی لاش نہیں ملی۔ اُڑیسہ میں فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ڈائریکٹر جنرل سدھانشو نے کہا کہ انجن کو ہٹانے اور سرچ آپریشن کا کام اتوار کی صبح مکمل ہو گیا۔

BG Zugunglück in Indien
انجن کو ہٹانے اور سرچ آپریشن کا کام اتوار کی صبح مکملتصویر: Satyajit Shaw/DW

یہ  حادثہ  ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب وزیر اعظم نریندر مودی برطانوی نوآبادیاتی دور کے بھارتی ریل ٹریکس کو جدید بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ ریلوے کے نظام  کی بہتری کے لیے حکومتی کوششوں کے باوجود بھارت میں ہر سال کئی سو ٹرین رونما ہوتے ہیں۔ بھارتی ٹرین نیٹ ورک کسی ایک انتظامیہ کے زیر نگرانی کام کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے۔

ک م/ا ب ا (اے پی، ڈی پی اے)