1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتمشرق وسطیٰ

امریکی توجہ غزہ تنازعے کو پھیلنے سے روکنے پر ہے، بلنکن

7 جنوری 2024

اسرائیل اور حماس کے مابین اکتوبر میں جنگ کے آغاز کے بعد سے امریکی وزیر خارجہ خطے کے اپنے چوتھے دورے پر اردن پہنچے ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک بھی آج اتوار کو اسرائیل کا دورہ کر رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/4awKO
Griechenland Abflug US Außenminister Blinken nach Jordanien
تصویر: Evelyn Hockstein/AFP

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ترکی اور یونان کے دورے کے بعد اتوار کی صبح اردن کے دارالحکومت عمان پہنچے ہیں۔ سات اکتوبر کو اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ کے آغاز کے بعد سے مشرق وسطیٰ اور خطے کے دیگر ممالک کا یہ بلنکن کا تازہ ترین اور چوتھا دورہ ہے۔

اردن کے بعد بلنکن قطر کے دارالحکومت دوحہ اور متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی بھی جائیں گے۔ واشنگٹن کا مقصد بیروت میں ایک حملے میں حماس کے سینیئر رہنما صالح العروری کی ہلاکت کے بعد تنازعے کو خطے میں ایک وسیع جنگ کو جنم دینے سے روکنا ہے۔ اسرائیل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ بلنکن نے اردن کے لیے روانگی سے قبل کہا،''ہماری توجہ اس تنازعے کو پھیلنے سے روکنے پر ہے۔‘‘

Türkei Präsident Erdogan empfängt Antony Blinken
بلنکن نے ہفتے کے روز استنبول میں ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ملاقات کی تھیتصویر: Mustafa Kamaci/Anadolu/picture alliance

بلنکن نے کہا، ''خطے کے لوگوں کی اکثریت میں واضح طور پر ایک ایسے مستقبل کی شدید خواہش ہے، جو امن، سلامتی اور تنازعات میں کمی پر مبنی ہو۔‘‘

جنین میں اسرائیلی حملے میں چھ افراد ہلاک، فلسطینی وزارت صحت

فلسطینی وزارت صحت نے بتایا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے قصبے جنین میں ایک اسرائیلی کارروائی  میں چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ وزارت کی جانب سے اتوار کے روز جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا، ''شہریوں کے ایک گروپ پر اسرائیلی بمباری میں جنین میں چھ افراد مارے گئے۔‘‘ وزارت کے مطابق سات اکتوبر سے مغربی کنارے میں کم از کم 327 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔

جرمن وزیر خارجہ اسرائیل کے دورے پر

جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک آج اتوار کے روز اسرائیل کا دورہ کریں گی۔ اس دورے کا مقصد اسرائیلی یرغمالیوں اور غزہ میں انسانی صورتحال پر بات چیت کرنا ہے۔ توقع ہے کہ وہ دو ریاستی حل پر بھی گفتگو کریں گی۔

Gazastreifen Luftangriffe auf Khan Younis
تمام تر سفارتی کوششوں کے باوجود غزہ کا تنازع چوتھے مہینے میں داخل ہو چکا ہے اور اس کے خاتمے کے کوئی اثرات نظر نہیں آ رہے۔تصویر: Mohammed Dahman/AP Photo/picture alliance

حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 240 افراد میں سے تقریباً 105 کو رہا کر دیا گیا ہے، جن میں 14 جرمن شہری بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ میں اب بھی 135 یرغمالی موجود ہیں، جن میں متعدد جرمن شہری بھی ہیں۔ حماس کو نہ صرف اسرائیل بلکہ امریکہ، جرمنی، یورپی یونین اور  کئی دیگر ممالک نے دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے۔

بئیربوک پیر کے روز فلسطینیوں کے وزیر خارجہ ریاض المالکی سے بھی ملاقات کریں گی۔ المالکی کا تعلق مقبوضہ مغربی کنارے میں حکمران فلسطینی نیشنل اتھارٹی سے ہے۔ اس کے بعد جرمن وزیر خارجہ اپنے مصری ہم منصب سامح شکری سے ملیں گی اور بعدازاں لبنان جائیں گی۔

ش ر ⁄ ا ا / ع ا (روئٹرز، اے ایف پی، ڈی پی اے، اے پی)

ویسٹ بینک میں پرتشدد نقل مکانی کے خوف میں جیتے فلسطینی