ٹرمپ کو قتل کی مبینہ ایرانی سازش کے بارے میں بتا دیا گیا ہے
25 ستمبر 2024ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی انتخاب کی مہم چلانے والی ٹیم نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ امریکی انٹیلیجنس حکام نے سابق صدر کو ایران کی جانب سے جان سے مارنے کے خطرے کے بارے میں بریفنگ دی ہے۔
ٹرمپ کی انتخابی مہم کے کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے ایک بیان میں کہا کہ ریپبلکن صدارتی امیدوار کو "آج (منگل کے روز) نیشنل انٹیلیجنس کے ڈائریکٹر کے دفتر نے امریکہ میں عدم استحکام اور افراتفری کے بیج بونے کی کوشش کے تحت ایران کی جانب سے ان کے قتل کے حقیقی اور مخصوص خطرات کے بارے میں بریفنگ دی۔"
اگلے ہفتے بھارتی وزیر اعظم مودی سے ملاقات کروں گا، ٹرمپ
چیونگ کے مطابق، "انٹیلیجنس حکام نے نشاندہی کی ہے کہ یہ کوششیں جاری رہی ہیں اور گزشتہ چند مہینوں کے دوران ایسے مربوط حملوں میں اضافہ بھی ہوا ہے۔"
ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ٹرمپ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتے رہے ہیں اور پانچ نومبر کے صدارتی انتخابات مداخلت سے پاک ہوں گے۔
انتخابی مہم پر ایران نے سائبر حملے کیے تھے، امریکی ادارے
ایران نے ان الزامات کی تردید کی کہ وہ اس موسم گرما کے اوائل میں ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ واضح رہے کہ ایک بندوق بردار نے پنسلوینیا میں ٹرمپ کی ایک ریلی کے دوران ان پر فائرنگ کی تھی، جس میں ایک شخص ہلاک اور صدارتی امیدوار ٹرمپ زخمی ہو گئے تھے۔
امریکہ: ٹرمپ پر ایک اور ’ممکنہ قاتلانہ حملے‘ کی ناکام کوشش
ایران کے خلاف امریکی الزامات
امریکہ نے ایران پر ٹرمپ کی انتخابی مہم کو ہیک کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ تہران 2024 کے صدارتی انتخابات کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس ماہ کے اوائل میں امریکی حکام نے کہا تھا کہ ایرانی سائبر حملہ آوروں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کا "چوری شدہ، خفیہ" مواد ٹرمپ کے اس وقت کے حریف جو بائیڈن کے عملے کو پیش بھی کیا تھا۔
اس حوالے سے امریکی حکام نے کہا تھا کہ جیسے جیسے نومبر میں انتخابات کے دن قریب آتے جا رہے ہیں، "غیر ملکی ایجنٹ انتخابات میں مداخلت کے لیے اپنی سرگرمیوں میں اضافہ کرتے جا رہے ہیں۔"
امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ روس، ایران اور چین "اپنے فائدے کے لیے امریکی معاشرے میں تقسیم کو فروغ دینے کی ہر ممکن طریقے سے کوشش کر رہے ہیں۔"
امریکی صدارتی انتخابات: ٹرمپ اور ہیرس کے درمیان گرما گرم مباحثہ
حکام نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایرانی سائبر حملہ آوروں نے ٹرمپ کی انتخابی مہم سے چوری کی گئی معلومات کو امریکہ کے میڈیا اداروں کے ساتھ بھی شیئر کرنے کی کوشش کی۔ البتہ ایران نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
امریکہ میں پانچ نومبر کو صدارتی انتخابات ہونے والے ہیں۔ تازہ پولز کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار نائب صدر کملا ہیرس مقبولیت میں ایک دوسرے کے تقریباﹰ برابر ہیں۔
ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)