1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
دہشت گردیمشرق وسطیٰ

اسرائیل: تل ابیب میں فائرنگ، دو افراد ہلاک

8 اپریل 2022

اسرائیل کے تل ابیب میں ایک پر ہجوم بار اور ریستوراں میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے فائرنگ کے اس واقعے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/49e2d
Israel | Schießerei in Tel Aviv
تصویر: Moti Milrod/REUTERS

اسرائیلی شہر تیل ابیب کے ایک پر ہجوم بار میں سات مارچ جمعرات کو ایک بندوق بردار نے اندھا دھند فائرنگ کی۔ شہر کے اچیلوف ہسپتال کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور دیگر متعدد زخمی  ہو گئے۔

ہسپتال کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے، ''اب تک، 10 زخمی اچیلوف ہسپتال کے ٹراما سینٹر میں پہنچ چکے ہیں۔ لیکن بد قسمتی سے، ڈاکٹروں کی تمام کوششوں کے باوجود، دو زخمی دم توڑ گئے۔''

پولیس اپنے ایک بیان میں اس واقعے کو پہلے ہی دہشت گردانہ حملہ قرار دے چکی ہے۔ محکمہ پولیس کے ترجمان ایلی لیوی نے چینل 13 ٹیلیویژن سے بات چیت میں کہا، ''ایک دہشت گرد نے بہت ہی کم فاصلے سے فائرنگ کی اور پھر پیدل فرار ہو گیا۔ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔''

فائرنگ کے بارے میں ہمیں کیا معلوم ہے؟

اسرائیل کی ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ڈیزنگوف اسٹریٹ کے علاقے میں پیش آیا، جو شہر کے مصروف ترین علاقوں میں سے ایک ہے۔ یہ علاقہ بارز اور ریستورانوں میں جانے والے لوگوں میں بہت مقبول ہے۔

Israel | Schießerei in Tel Aviv
تصویر: Jack Guez/AFP

میئر رون ہلدائی نے کہا کہ ایک بندوق بردار نے ایک پر ہجوم بار میں گھس کر فائرنگ کی۔ جائے وقوعہ کی تصاویر میں زمین پر ٹوٹے ہوئے شیشے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔

تل ابیب کے پولیس کمانڈر امیچائی ایشیل نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ شوٹر ''ہمارے خیال سے اب بھی کہیں آس پاس ہی ہے۔ ابھی تک، ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ یہ ایک دہشت گردانہ حملہ ہے، تاہم مجھے اس بارے میں بہت محتاط ہونا چاہیے، اور یہ بھی کہوں گا کہ ہم دیگر پہلوؤں کی بھی جانچ کر رہے ہیں۔''

پولیس نے حملے کے بعد لوگوں کو علاقے سے دور رہنے کو کہا ہے۔ پولیس کے ترجمان لیوی نے کہا، ''اپنے گھروں سے مت نکلیں۔ کھڑکی سے اپنے سروں کو باہر نہ نکالیں۔ اپنی بالکونیوں سے دور رہیں۔''

ٹیلیویژن پر بڑی تعداد میں پولیس اور ایمرجنسی سروسز کو جائے وقوعہ پر موجود دیکھا جا سکتا تھا۔ اخبار 'ٹائمز آف اسرائیل' کے مطابق وزیر اعظم نیفتالی بینیٹ پہلے ہی شہر کی صورت حال کے بارے میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے صدر دفتر سے اپ ڈیٹس حاصل کر رہے تھے۔

حالیہ دنوں میں ملک بھر میں ہونے والے متعدد حملوں میں 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

 ص ز/ ج ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)

’صلیبی جنگجو‘ کی 900 سال پرانی تلوار

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید