1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان سے مہاجرین کو واپس ترکی بھیجنے کا سلسلہ پھر سے شروع

شمشیر حیدر dpa
8 اپریل 2017

یورپی یونین اور ترکی کے مابین طے شدہ مہاجرین سے متعلق معاہدے کے تحت یونان نے پناہ کے متلاشی افراد کو واپس ترکی بھیجنے کا سلسلہ پھر سے شروع کر دیا ہے۔ ملک بدر کیے جانے والوں میں زیادہ تعداد پاکستانی شہریوں کی ہے۔

https://p.dw.com/p/2avr6
Türkei Griechenland Abschiebung von Flüchtlingen
تصویر: picture alliance/abaca/AA

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کی یونانی دارالحکومت ایتھنز سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یونانی جزیروں سے انچاس تارکین وطن کو واپس ترکی بھیجا گیا۔ ترکی واپس بھیجے جانے والے تارکین وطن کی زیادہ تعداد پاکستانی شہریوں کی تھی تاہم کچھ کا تعلق الجزائر اور بنگلہ دیش سے تھا جب کہ ایک فلسطینی تارکِ وطن کو بھی یونان سے واپس ترکی بھیجا گیا۔

’یورپ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ویزے نہیں دیے جائیں گے‘

ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق ان تمام تارکین وطن کی یونان میں جمع کرائی گئیں پناہ کی درخواستیں یا تو مسترد ہو چکی تھیں، یا پھر انہوں نے اپنی درخواستیں واپس لے لی تھیں۔ چھ اپریل بروز جمعرات ان انچاس افراد کو یورپی سرحدوں کے نگران ادارے فرنٹیکس کی نگرانی میں ایک بحری جہاز کے ذریعے ترکی کے ساحلی شہر ڈیکیلی پہنچا دیا گیا۔

رپورٹوں کے مطابق یورپی یونین اور ترکی کے مابین طے شدہ مہاجرین کی ڈیل کے تحت ترکی سے غیر قانونی طور پر یونان آنے والے پناہ کے متلاشی افراد کو یونان سے ملک بدر کر کے واپس ان کے اپنے آبائی وطنوں کی جانب بھیجے جانے کی بجائے انہیں ترکی بھیج دیا جاتا ہے۔ گزشتہ برس طے ہونے والے اس معاہدے پر عمل درآمد کی رفتار تاہم کافی سست رہی ہے۔ قریب ایک برس کے دوران 933 تارکین وطن کو ہی یونان سے واپس ترکی بھیجا جا سکا ہے۔

بحیرہ ایجیئن کو غیر قانونی طور پر عبور کر کے ترکی سے یونان پہنچنے والے تارکین وطن یونانی جزیروں پر قائم استقبالیہ مراکز میں سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کراتے ہیں۔

یونان میں سیاسی پناہ کی درخواستوں پر فیصلے کیے جانے کا عمل بھی کافی حد تک سُست روی کا شکار ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق صرف یونانی جزیروں پر چودہ ہزار سے زائد مہاجرین اور تارکین وطن پھنسے ہوئے ہیں، جن کی سیاسی پناہ کی درخواستوں پر ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔

دو برسوں میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے یورپ میں پناہ کی درخواستیں دیں

جرمنی: طیارے آدھے خالی، مہاجرین کی ملک بدری میں مشکلات حائل

امیدوں کے سفر کی منزل، عمر بھر کے پچھتاوے