1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہنرمند افراد کے لیے امریکی شہریت کا وعدہ

12 جنوری 2019

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنرمند افراد کو امریکا میں رہنے اور انہیں امریکی شہریت دینے کا وعدہ کیا ہے۔ اس اقدام سے دنیا کے کئی دیگر ممالک کے شہریوں کے ساتھ ساتھ پاکستانی بھی فائدہ اٹھا سکیں گے۔

https://p.dw.com/p/3BS75
Amerikanischer Reisepass (Symbolbild)
تصویر: picture alliance/Bildagentur-online/Tetra

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایچ ون- بی ٹائپ کے ویزوں میں اصلاحات لانے کا اعلان کیا ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو اس سے سب سے زیادہ فائدہ بھارتی شہری اٹھائیں گے کیوں کہ ایسے ویزے حاصل کرنے والے تین چوتھائی غیر ملکیوں کا تعلق بھارت سے ہے۔ تاہم بھارتی اور کئی دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ سینکڑوں پاکستانی ہنرمند افراد نے بھی ایسے ہی امریکی ویزے حاصل کر رکھے ہیں۔

اس قسم کے امریکی ویزے حاصل کرنے والے زیادہ تر افراد امریکا کے ٹیکنالوجی سیکٹر میں ملازمتیں کر رہے ہیں۔ امریکی صدر نے ایک ٹویٹ ميں لکھا، ’’ایچ ون- بی ویزے والے افراد یقین کریں کہ بہت جلد تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ یہ آپ کے قیام میں استحکام اور سادگی لائیں گی اور یقینی حد تک شہریت کا راستہ بھی کھل جائے گا۔‘‘

امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ وہ ذہین اور ہنرمند افراد کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں تاکہ ایسے لوگ امریکا میں اپنی عملی زندگی کے خوابوں کی تعبیر ڈھونڈ سکیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر کا یہ تازہ موقف ماضی کے بیانات سے بالکل مختلف ہے۔ ماضی میں امریکی صدر ایسے ویزے رکھنے والے غیرملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے بیانات دیتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ سب سے پہلے امریکی شہریوں کو ملازمتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ امریکی صدر نے ماضی کے بیانات کے برعکس یہ اعلان کیوں کیا ہے لیکن جمعے کے روز واشنگٹن پوسٹ نے اپنے فرنٹ پیج پر اس مسئلے سے متعلق ایک آرٹیکل شائع کیا تھا۔ اس آرٹیکل کے مطابق ایچ ون- بی ٹائپ کے ویزوں میں مشکلات کے باعث پڑھے لکھے اور ہنرمند غیر ملکی امریکا سے کینیڈا منتقل ہو رہے ہیں۔

ماضی میں نہ صرف سیلیکون ویلی کی کمپنیاں بلکہ بھارتی حکومت بھی اس حوالے سے ٹرمپ انتظامیہ سے اپیل کر چکی ہے کہ ملک میں غیرملکی ہنرمند افراد کے لیے ویزہ پالیسی میں نرمی پیدا کی جائے۔ امریکا ایچ ون- بی ٹائپ کے سالانہ 85 ہزار ویزے جاری کرتا ہے۔ ان میں سے بیس ہزار ویزے ماسٹر یا اس سے اوپر کی ڈگری رکھنے والے ہنرمند افراد کے لیے ہوتے ہیں۔ ایسے ویزے کسی امریکی کمپنی میں تین سالہ ملازمت ملنے کے بعد جاری کیے جاتے ہیں اور تین سال گزرنے کے بعد صرف ایک مرتبہ ان کی مدت میں توسیع کی جا سکتی ہے۔

ا ا / ع س ( نیوز ایجسنیاں)