کشمیری اور ہم ایک ہی خاندان کا حصہ ہیں، بھارتی وزیر داخلہ
21 اپریل 2017وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں ایسی خبریں ملی ہیں کہ ملک کے کچھ حصوں میں مبینہ طور پر کشمیری نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایسی اطلاعات ہیں کہ اتر پردیش اور راجستھان میں کشمیری طلباء کو دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر اتر پردیش نونرمان سینا نامی ایک تنظیم کے میرٹھ میں لگائے گئے بل بورڈز کی تصویر بھی کافی زیادہ شئیر کی جا رہی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج پر پتھر مارنے والے کشمیریوں کا بائیکاٹ کیا جائے اور كشمیری اترپردیش چھوڑ دیں۔
اس سے قبل راجستھان کی میواڑ یونیورسٹی میں کشمیری طالب علموں کے ایک گروپ پر مقامی لوگوں نے مبینہ طور پر حملہ کیا اور انہیں دہشت گرد کہا تاہم اس واقعے میں کسی کو شدید چوٹیں نہیں آئی تھیں۔
بھارتی وزیر داخلہ نے آج مختلف ٹویٹس میں کہا کہ کشمیری بھی اس ملک کے شہری ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’کشمیریوں کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘
بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں کئی ماہ سے حالات مسلسل مظاہروں کی وجہ سے شدید کشیدگی کا شکار ہیں۔ ان مظاہروں کے دوران مقامی لوگوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان تصادم کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہیں۔