چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد،جنوبی افریقہ نے کھیلنے معذرت کر لی
23 اگست 2008نارمن ارینڈنے کہا کہ چمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے وہ پاکستانی حق کا احترام کرتے ہیں تاہم اس وقت انہوں نے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ پاکستان میں کھلاڑیوں کو درپیش سیکوریٹی خدشات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے انہوں نے فیصلہ آئی سی سی ٹاسک ٹیم سے ملاقات کے بعد کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے آئی سی سی سے ٹورنامنٹ ری شیڈول کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔
اُدھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر شفقت نغمی نے جنوبی افریقہ کے اس فیصلے کو قبل از وقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ٹورنامنٹ متاثر ہو سکتا ہے۔ ایک ایسے موقعے پر جب اتوار کو آئی سی سی ، چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے اپنا حتمی فیصلہ کرنے والی تھی ۔ جنوبی افریقہ کرکٹ بورڈ کا یہ اعلان انتہائی مایوس کن ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم دنیائے کرکٹ کی ایک بڑی ٹیم ہے اور اس کے نہ کھیلنے کے فیصلے سے ایونٹ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔شفقت نغمی نے کہا کہ ایونٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ آئی سی سی کو کرنا ہے تاہم ان کی بھرپور کوشش ہو گی کہ یہ ایونٹ پاکستان ہی میں ہو۔