پاکستان: مغوی فرانسیسی سیاح رہا
21 اگست 2009پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق انتونیو سپرسیلیا نامی اس غیر ملکی کو مبینہ طور پر جرائم پیشہ عناصر نے دالبدین کے علاقے تالولانڈی سے اس وقت اغوا کیا تھا جب وہ اپنے چند ساتھی سیاحوں کے ساتھ کوئٹہ سے فراسیسی نمبر پلیٹ والی ایک گاڑی میں ایران کی سرحد کی طرف سفر پر تھا۔ اِس سیاح کے ساتھ سفر کرنے والوں میں تین مرد، دو عورتیں اور دو بچے بھی شامل تھے، تاہم انہیں اغوا نہیں کیا گیا تھا۔
ایک سیکیورٹی افسر کے مطابق اس 41 سالہ مغوی سیاح کی بازیابی کے لئے حکومت نے فرنٹیئر کانسٹیبلری اور حساس اداروں کے اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹاسک فورس بھی تشکیل دی تھی، کیونکہ غالب امکان یہی تھا کہ اغوا کی اس واردات میں بلوچ عسکریت پسند یا پھر ممکنہ طور پر اسلامی انتہاپسند بھی ملوث ہوسکتے تھے۔
کوئٹہ میں حکام کے مطابق اس فرانسیسی شہری کو بہت جلد اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے کے حوالے کردیا جائے گا۔ فراسیسی سفارت خانے کی طرف سے اس سلسلے میں ابھی تک کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
پاکستان کو مغربی ممالک کے سفارت خانے اپنے شہریوں کے لئے بہت خطرناک ملک سمجھتے ہیں اور وہ اکثر انہیں پاکستان کے شورش زدہ علاقوں میں سیاحت نہ کرنے کی تلقین بھی کرتے رہے ہیں۔
رپورٹ: انعام حسن
ادارت: مقبول ملک