1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستان سپر لیگ کا شاندار آغاز

بینش جاوید5 فروری 2016

پانچ ٹیموں پر مشتمل پاکستان سپر لیگ کا گزشتہ روز دبئی میں آغاز ہو گیا ہے۔ روشنیوں کے زبردست شو کے ساتھ سپر لیگ کی جگمگاتی افتتاحی تقریب کا انعقاد دبئی سپورٹس اسٹیڈیم میں کیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1HqER
Pakistan Super League Eröffnung PSl Sean Paul Ali Zafar
تصویر: DW/T. Saeed

پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب میں کراچی کنگز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کے کھلاڑی اپنی ٹیموں کے ترانوں کے ساتھ اسٹیڈیم میں داخل ہوئے۔ اس موقع پر سب سے زیادہ جوش و خروش پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شاہد آفریدی کی اسٹیڈیم آمد پر دیکھا گیا۔

پاکستانی فنکاروں محب مرزا، صنم سعید اورعلی ظفر کی جاندار پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ جمیکا کے نامور گلوکار سین پال نے اسٹیج پر کرس گیل، ڈیرن سیمی اور جیسن ہولڈر کے ہمراہ اپنی پر فارمنس پر حاضرین سے خوب داد وصول کی۔

پی ایس ایل میں 69 مقامی، 29 غیر ملکی کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔ 4 فروری سے 23 فروری تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چوبیس میچ کھیلے جائیں گے۔ پی ایس ایل کے تمام میچ شارجہ اور دبئی میں کھیلے جا رہے ہیں۔

پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر وسیم اکرم اور رمیز راجہ پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈرز ہیں۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلے کرکٹ میچ کی نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی کی گئی۔ اس لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آتھ وکٹوں سے شکست دی۔

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان کی رینکنگ ساتویں نمبر پر آگئی ہے۔ خاص طور ہر نیوزی لینڈ کے ساتھ حالیہ میچ میں شکست کے بعد پی ایس ایل کے ذریعے نئے کھلاڑیوں کی شناخت کی جائے گی۔ کرس گیل، کیون پیٹرسن اور شین واٹسن جیسے دنیا کے نامور کھلاڑیوں کے ہمراہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں بہتر کرنے کا موقع ملے گا۔