1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ٹوئنٹی 20 میں آسٹریلیا کو شکست، سیریز پاکستان کے نام

7 جولائی 2010

پاکستان نے آسٹریلیا کو دوسرے ٹوئنٹی 20 میچ میں11 رنز سے شکست دے کر سیریز دو صفر سے جیت لی۔ اس جیت میں نوجوان فاسٹ بولر محمد عامر نے اہم کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/OCCg
کامران اکمل 25 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی بدولت 33 رنز بنا پائےتصویر: AP

انگلینڈ کے شہر برمنگھم کےEdgbastonسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ گرین شرٹس کو پہلا نقصان صفر کے سکور پر ہی اٹھانا پڑ گیا، جب شاہ زیب بغیر کوئی رن بنائے ڈیوڈ ہسی کی بال پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ اس موقع پر سلمان بٹ اورکامران اکمل نے ذمہ دارانہ پارٹنر شپ کے ذریعے ٹیم کا مجموعی سکور اکسٹھ تک پہنچا دیا۔ سلمان بٹ21 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 31 رنز بناکر اسٹیو اوکیفی کی بال پر کیمرون وائٹ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

Australien Cricket Meisterschaft Neuseeland
ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھیتصویر: AP

پاکستان کی دوسری وکٹ 78 رنز کے ٹوٹل پر گری۔ کامران اکمل 25 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی بدولت 33 رنز بناکرجانسن اورکلارک کے گٹھ جوڑ کا شکار بنے۔ شعیب ملک کی بارہ رنز کی انفرادی اننگز کا خاتمہ ڈیرک نینس نےکیا۔ پاکستانی ٹیم کو پانچواں نقصان 130 کے مجموعی سکور پر اٹھاناپڑا، جب گزشتہ میچ میں اپنے کیریئر کی بہترین اننگ کھیلنے والے عمر اکمل اس بار 21 گیندوں پر صرف25 رنز بنا کر ڈیرک نینس کی بال پر ان ہی کو کیچ تھما بیٹھے۔ نینس نے اگلی ہی بال پر اٹھارہ رنز بنانے والے آفریدی کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی۔

عبدالرزاق بدقسمت ثابت ہوئے اور صرف تین رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کے بعد ڈیوڈ ہسی کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے۔ عمر گل اورشعیب اخترکواسٹیو او کیفی نے صفر صفر پر چلتا کیا۔ یوں پاکستان نے مقررہ 20 اووروں میں نو وکٹوں پر 162 رنز بنائے۔

جواب میں آسٹریلیا کا آغاز متاثر کن نہ رہا، سترہ کے مجموعی سکور پر ڈیوڈ وارنر ایک رن بناکر عامر کا شکار بنے۔ اگلے ہی اوور میں شعیب اختر نے ٹم پائن کو صفر پر پویلین کی راہ دکھا دی۔ کینگروز کی تیسری وکٹ 33 رنز پرگری، مائیکل کلارک کو 30 کے انفرادی سکور پر محمد عامر ٹھکانے لگانے میں کامیاب ہوئے۔اس موقع پرجیمز ہوپس اور ڈیوڈ ہسی نے عمدہ کھیل پیش کیااور ٹیم کا سکور 83 رنز تک پہنچا دیا۔

Umar Akmal
عمر اکمل اس بار پچھلے میچ جیسی کارکردگی نہ دکھا پائےتصویر: AP

ہوپس 30 رنز بناکر آفریدی کی بال پراکمل کے ہاتھوں سٹمپ ہوئے۔ کیمرون وائٹ سات رنز کی انفرادی اننگز کھیلنے کے بعد آفریدی کی گیند پر شعیب ملک کوکیچ تھما بیٹھے۔ ایک سو تیرہ رنز کے ٹوٹل پر سعید اجمل نے 33 رنز بنانے والے ڈیوڈ ہسی کی اننگ کا خاتمہ کر دیا۔ اسٹیو اوکیفی پانچ رنز بناکر سعید اجمل کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

عمر گل نے مائیک ہسی کوپچیس رنز کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔ عامر نے مچل جانسن کو کھاتاکھولنے سے پیشتر ہی پویلین لوٹا دیا۔ شون ٹیٹ کو دو رنز کے انفراد ی اسکور پر عمر گل نے رن آؤٹ کیا۔ یوں پوری آسٹریلوی ٹیم ایک سو اکیاون رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے دو میچوں کی سیریز دو صفر سے جیت لی۔ چار اووروں میں 27 رنز کے عوض تین کھلاڑی آؤٹ کرنے والے محمد عامر مین آف دی میچ قرار پائے۔ اس میچ میں کپتان شاہد آفریدی نے دو جبکہ عمر گل، سعید اجمل اور شعیب اختر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں