1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیونیل مَیسی: سال کے بہترین فٹ بالر

22 دسمبر 2009

پیر کو سوئٹزرلینڈ کے شہر زیورخ میں فٹ بال کی عالمی تنظیم FIFA کی جانب سے ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے بائیس سالہ کھلاڑی لیونیل مَیسی کو، جو بارسلونا کلب کی جانب سے کھیلتے ہیں، سال کے بہترین فٹ بالر کے اعزاز سے نوازا گیا۔

https://p.dw.com/p/LAHw
تصویر: AP

فارورڈ کھلاڑی مَیسی ارجنٹائن کے پہلے فٹ بالر ہیں، جنہیں یہ اعزاز ملا ہے۔ اِسی مہینے کے اوائل میں اُنہیں یورپ کا بہترین فٹ بال کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔ اِس سال مَیسی کی ٹیم بارسلونا چار بڑے ٹائیٹلز جیتنے میں کامیاب رہی، جن میں چیمپئنز لیگ بھی شامل ہے۔

Lionel Messi Weltpokal Barcelona
میسی نے اپنے کلب بارسلونا کی حالیہ فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔تصویر: AP

یوئیفا کے صدر اور فرانس انٹرنیشنل کے سابق کوچ مِشَیل پلاٹینی کے ہاتھوں اپنی ٹرافی وصول کرتے ہوئے مَیسی نے کہا:’’بارسلونا کے لئے، میرے ساتھی کھلاڑیوں کے لئے اور خود میرے لئے ایک شاندار سال اختتام کو پہنچ رہا ہے۔‘‘ مَیسی بارسلونا کلب میں سن 2000ء میں شامل ہوئے تھے، جب اُن کی عمر محض تیرہ برس تھی۔

ایک سو پینتالیس ٹیم کوچز اور کپتانوں کی جانب سے لیونیل مَیسی کو سال کے بہترین فٹ بالر کے اعزاز کے لئے ایک ہزار تہتر پوائنٹس دئے گئے۔ گزشتہ برس یہ اعزاز پانے والے ریئل میڈرڈ کلب کے پرتگالی کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو اِس بار محض تین سو باون پوائنٹس ملے اور وہ انتہائی بڑے فرق سے دوسرے نمبر پر رہے۔

مَیسی دو ہزار آٹھ، دو ہزار نو کے چیمپئنز لیگ سیزن میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رہے۔ اُنہوں نے 9 گول کئے، جن میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے خلاف کھیلے جانے والے اُس فائنل میں بھی ایک گول شامل ہے، جو بارسلونا نے صفر کے مقابلے میں دو گول سے جیت لیا تھا۔

BdT Argentinien Maradona neuer Trainer der Nationalmannschaft
میسی کو فٹبال لیجنڈ میراڈونا کی دریافت قرار دیا جاتا ہے البتہ میراڈونا کی کوچنگ میں میسی قومی ٹیم کے لئے خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھاسکے ہیں۔تصویر: AP

جہاں بارسلونا کلب کے کھلاڑی کے طور پر اُن کی کارکردگی شاندار رہی، وہاں اپنی قومی ٹیم ارجنٹائن کے لئے وہ کوئی بڑا کارنامہ انجام نہ دے سکے۔ کوچ ڈِیگو ماراڈونا کی قیادت میں مَیسی کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ ارجنٹائن کو ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے میں بڑی محنت کرنا پڑی۔ بولیویا نے اُسے اپریل میں ایک کے مقابلے میں چھ گول سے ہرایا جبکہ اُسے پیراگوائے اور ایکواڈور کے مقابلے پر بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنی مایوس کن کارکردگی کے اسباب کے حوالے سے مَیسی کا کہنا تھا:’’مجھے نہیں پتہ کہ ایسا کیوں ہے۔ مَیں ویسا ہی کھیل پیش کرنے کی کوشش کرتا ہوں، جیسے کہ بارسلونا کے لئے لیکن ورلڈ کپ کوالیفائر میچ بہت پیچیدہ ہوتے ہیں۔ کبھی کبھی کھیلنا بہت مشکل ہو جاتا ہے اور ہمیں کوالیفائی کرنے کے لئے بہت کوشش کرنا پڑی ہے۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں