1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سوات میں سمر فیسٹیول: سیاحت کا فروغ

10 جون 2013

دہشت گردی سے متاثرہ سیاحتی علاقے سوات میں 20 جون سے شروع ہونے والے سمر فیسٹیول کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں جبکہ سیاحوں نے پہلے ہی سے سوات میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

https://p.dw.com/p/18mre
تصویر: Adnan Bacha

پاکستان فوج اور خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سوات سمر فیسٹیول سوات کے سیاحتی مقامات کالام، اوشو فارسٹ گراؤنڈ اور مہوڈنڈ میں منعقد کیا جائے گا۔ تین روزہ سوات سمر فیسٹول میں پیرا گلائڈنگ، نیزہ بازی، جیپ ریلی، پتنگ بازی، کھانے پینے کے اسٹالز، روایتی موسیقی کے پروگراموں اور موٹر سائیکل ریلی کے ساتھ ساتھ ہر رات آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ سوات میں آئی ایس پی آر کے ترجمان کرنل ذیشان کا کہنا ہے کہ سوات سمر فیسٹول کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا:’’گزشتہ سال مختلف میلوں اور فیسٹیول کے انعقاد کے بعد لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں نے سوات کا رخ کیا تھا۔ اس بار سوات سمر فیسٹول کے لئے سیاح پہلے ہی سے سوات آنا شروع ہو گئے ہیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس سال کثیر تعداد میں سیاحوں کی آمد گزشتہ تمام سیاحتی ریکارڈ توڑ ڈالے گی۔‘‘

سوات سمر فیسٹول کے لئے سوات کے سیاحتی اور پر فضا مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے
سوات سمر فیسٹول کے لئے سوات کے سیاحتی اور پر فضا مقامات کا انتخاب کیا گیا ہےتصویر: Adnan Bacha

سوات سمر فیسٹول کے لئے سوات کے سیاحتی اور پر فضا مقامات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مہوڈنڈ، اوشو فارسٹ گراؤنڈ اور کالام جیسی جنت نظیر وادیوں میں سیاحوں نے پہلے سے ہی ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ ساہیوال سے اپنی فیملی کے ساتھ آئی ہوئی خاتون مسز داؤد نے کہا کہ سوات بہت ہی خوبصورت جگہ ہے، یہاں بار بار آنے کو دل کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا:’’یہاں پر آ کے بہت اچھا لگا، یہاں پر ڈرنے والی کوئی بات نہیں، نہ ہی یہاں پر طالبان ہیں، نہ ہی کوئی دہشت گردی، سب لوگوں کو سوات آنا چاہئے۔‘‘

گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے ملک کے طول وعرض سے سیاح سوات کے سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیں
گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے ملک کے طول وعرض سے سیاح سوات کے سیاحتی مقامات کا رخ کر رہے ہیںتصویر: Adnan Bacha

سوات سمر فیسٹول 20 جون سے 23 جون تک جاری رہے گا۔ اس دوران مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ ہینڈی کرافٹس، گارمنٹس اور دیگر مصنوعات کے اسٹالز بھی لگائے جائیں گے، جہاں پر سیاح لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے لیے خریداری بھی کریں گے۔ سمر فیسٹول میں میوزک نائٹس کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جن میں پاکستان کے معروف گلوکار شرکت کریں گے۔

ملک بھر میں گرمی کی شدید لہر کی وجہ سے طول وعرض سے سیاحوں نے سوات کے سیاحتی مقامات کا رخ کرنا شروع کر دیا ہے جبکہ ہوٹلوں میں کمروں کی ایڈوانس بکنگ بھی جاری ہے۔ مہوڈنڈ کے مقام پر ٹینٹ ویلج بھی لگایا گیا ہے، جہاں سیاح حسین نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ قیام امن کے بعد گزشتہ سال لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں نے سوات آکر گزشتہ بیس سالہ سیاحتی ریکاڑد توڑ دیا تھا۔ اس سال بھی امن و امان کی بہتر صورت حال اور سمر فیسٹیول کے انعقاد سے توقع کی جا رہی ہے کہ ملکی و غیر ملکی سیاح کثیر تعداد میں سوات آئیں گے۔

رپورٹ: عدنان باچا، سوات

ادارت: امجد علی