1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سانحہ کوئٹہ، عدالتی کمیشن کی حکومتی نا اہلی پر تنقید

صائمہ حیدر
16 دسمبر 2016

پاکستان کی اعلیٰ ترین عدالت کے قائم کردہ کمیشن نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملک میں اسلامی انتہا پسندی اور شدت پسندی کی روک تھام میں ناکام ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2UOLq
Pakistan Gericht
سپریم کورٹ کے عدالتی کمیشن کی رپورٹ چھیاسی صفحات پر مشتمل ہےتصویر: Getty Images/AFP/A. Qureshi

پاکستان کی سپریم کورٹ کی جانب سے بنائے گئے ایک کمیشن نے رواں سال اگست میں پاکستان کے شہر کوئٹہ میں طالبان کی جانب سے کیے گئے ایک حملے کی تحقیقات کے تناظر میں آج بروز جمعہ مورخہ سولہ دسمبر کو اپنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے۔

 کوئٹہ میں ہوئے اس حملے میں 70 کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ تعداد وکلاء کی تھی۔ سپریم کورٹ کے عدالتی کمیشن کی رپورٹ چھیاسی صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں پینتالیس حکومتی اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  پاکستان کی وزارتِ داخلہ اور محکمہ انسداد دہشت گردی سکیورٹی کی اُن خامیوں کے لیے ذمّہ دار ہیں جن کے باعث طالبان کے لیے حملہ کرنا ممکن ہوا۔ رپورٹ میں کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’یہ ادارے اپنے فرائض کی بجا آوری  میں بری طرح ناکام ہو گئے ہیں۔‘‘ تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں کہ اس رپورٹ کے کیا اثرات مرتب ہوں گے یا مستقبل میں کن خطوط پر کام کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ  امسال  آٹھ اگست کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے سامنے کیا جانے والا خود کش بم حملہ پاکستان میں سب سے زیادہ انسانی ہلاکتوں کا سبب بننے والے دہشت گردانہ حملوں میں سے ایک تھا اور اس بم دھماکے کی ذمے داری پاکستانی طالبان کے ساتھ ساتھ دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش نے بھی قبول کر لی تھی۔

Pakistan Quetta Bombenanschlag vor einer Klinik
  آٹھ اگست کو کوئٹہ کے سول ہسپتال کے سامنے ہونے والا خود کش بم حملہ پاکستان میں بڑے دہشت گردانہ حملوں میں سے ایک تھا تصویر: Getty Images/AFP/B. Khan

یہ خود کش بم دھماکا اس وقت کیا گیا تھا جب ایک حملے میں مارے جانے والے بلوچستان بار ایسوسی ایشن کے صدر کی میت وصول کرنے کے لیے قریب دو سو وکلاء سول ہسپتال کے باہر موجود تھے۔ اس حملے میں کم از کم دو صحافی بھی ہلاک ہو گئے تھے کیونکہ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں کی ایک بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔

 عدالتی کمیشن کی رپورٹ سانحہ پشاور کے دو سال پورے ہونے کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔ سولہ دسمبر سن دو ہزارچودہ میں پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر طالبان نے حملہ کیا تھا جس میں ڈیڑھ سو کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی۔ 

پاکستان میں زندگی مشکل ہو گئی تھی، پاکستانی ہزارہ مہاجر حسین