خوبصورت جلد کا راز،متوازن غذا
1 مارچ 2016اپنی من پسند غذا سے لطف اندوز ہونا ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے تاہم جرمنی کی HELIOS کلینک کے امراض جلد اور الرجی کے شعبے کی ڈائریکٹر کرسٹیانے بیئرل کہتی ہیں،’’جو لوگ متوازن غذا کا استعمال نہیں کرتے وہ جلد سے متعلق مسائل سے دوچار رہتے ہیں۔‘‘
جلد انسانی جسم کا سب سے بڑا عضو ہے۔ اس کی صحت کا بہت حد تک دارومدار اس امر پر ہے کہ انسان کتنے گھنٹے سوتا ہے۔ اس کے علاوہ ہماری جینز، سورج کی روشنی اور دیگر عوامل بھی جلد کی صحت پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔ ہر لمحہ ہماری جلد کا واسطہ نقصان دہ اشیاء سے پڑتا رہتا ہے جو جسم میں ایسے غیر مستحکم ایٹمی زارت اور نقصاندہ مادے کی ترسیل کو ممکن بنا دیتے ہیں جو جلد کے علاوہ پورے جسم کو بھی غیر معمولی نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتے ہیں۔
جلدی امراض کی ماہر پروفیسر کرسٹیانے بیئرل کہتی ہیں،’’نقصان دہ ذرات اور مادوں سے تحفظ کے لیے اینٹی آکسیڈینٹ یا تکسید کے عمل کو روکنے والی نامیاتی اجزاء سے بھرپور غذا کا استعمال نہایت ضروری ہے۔‘‘
اینٹی آکسیڈنٹ میں قدرتی معدنیات وٹامن سی، اور ای موجود ہوتا ہے اور یہ نقصان دہ زرات اور مادوں کو جسم میں داخل ہونے سے روکتی ہے اور یہ جسم کے سیلز کو بھی محفوظ رکھتے ہیں۔ اس ضمن میں بیٹا کیروٹین، اور معدنیاتی سیلینیم کے علاوہ زنک یا سفید دھاتی عنصر بھی اینٹی آکسیڈنٹ جیسی خصوصیات کے حامل ہوتے ہیں۔
غذائیات کی ایک جرمن ماہر گابریئیلے گراف بھی صاف اور نکھری ہوئی جلد کے لیے وٹامن اور معدنیات کی اہمیت پر غیر معمولی زور دیتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں،’’وٹامن اے جلد کی تازگی کے لیے بہت ضروری ہے اور یہ سب سے زیادہ دودھ، گاجروں اور مچھلی میں پایا جاتا ہے۔‘‘
ماہرین کے مطابق وٹامن سی چہرے کی رتوبت کے لیے بہت ضروری ہے جبکہ وٹامن ای اور بی بھی جلد کی تازگی میں غیر معمولی اہم کردار ادا کرتی ہے اور یہ وٹامن سب سے زیادہ اناج، سبزیوں اور دودھ سے تیار کردہ غذائی اشیاء میں پایا جاتا ہے۔
ملائم جلد کے لیے جسم کو کیلشیم، زنک اور میگنیشیئم کی اشد ضرورت ہوتی ہے۔ اناج اور سبزیوں میں یہ معدنیات بہت زیادہ پائے جاتے ہیں جبکہ گوشت اور دودھ کی اشیاء مثال کے طور پر مکھن، دہی اور پنیر وغیرہ میں یہ معدنیات بہت کم مقدار میں پائی جاتی ہیں۔
چہرے کے ترو تازہ اور جوان نظر آنے کا ایک راز اور بھی ہے۔ وہ یہ کہ زیادہ سے زیادہ پانی پینا اور جسم کو ہائیڈریٹڈ یا آبیدہ رکھنا۔ خوب پانی پینے سے چہرہ تروتازہ رہتا ہے۔ زیادہ تر ماہرین کا کہنا ہے کہ صحت مند جلد کے لیے وٹامن، منرلز ، پروٹین اور آمائینو ایسڈ کا استعمال بہت ضروری ہے۔