1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جھُریوں سے پچنے کے لیے پانی پینا ضروری

کشور مصطفیٰ10 جنوری 2016

چہرے کی جھُریوں کے خلاف کوئی کریم اور دوا اتنی موثر ثابت نہیں ہو سکتی جتنا کہ زیادہ سے زیادہ پانی پینے کا عمل ہے۔

https://p.dw.com/p/1Hb1Q
تصویر: Imago/Westend61

عمر کے بڑھنے کے ساتھ ساتھ انسان کے چہرے پر جُھریوں کے اُبھرنے کا عمل فطری ہے۔ تاہم ان جُھریوں کو بہت زیادہ نمایاں نظر آنے سے روکنے کے لیے اس کے خلاف کچھ کیا جا سکتا ہے۔ اس بارے میں جرمنی کے صارفین کے تحفظ سے متعلق ایک معروف جریدے ’ٹیسٹ‘ کی ایک تازہ ترین رپورٹ میں چند دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک صحت مند زندگی جس میں کافی نیند لینا، روزانہ کم از کم ڈیڑھ لیٹر پانی پینا وغیرہ چہرے کی جھُریوں سے بچنے کے لیے بنیادی اہمیت کے حامل عوامل ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی اور دھوپ کی الٹرا وائلٹ روشنی جلد کو گہرے نقصانات پہنچاتی ہے اور ان کی وجہ سے چہرے کی جلد کی لوج اور چہرے کی رونق ختم ہو جاتی ہے۔

غذا کا عمل دخل

صحت بخش غذا جلد کو خوبصورت بنانے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ وٹامن سے بھرپور غذائی اجزا، پھل اور سبزی چہرے کی جھُریوں کو نمایاں نہیں ہونے دیتے۔ ماہرین کے مطابق متوازن غذا کا استعمال اور کافی مقدار میں پانی پینا نہ صرف تندرست رہنے کے لیے بلکہ خوشنما نظر آنے کے بنیادی اُصول ہیں۔

Symbolbild Frau mit Obst
پھل اور سبزیوں کا استعمال: صحت بھی اچھی چہرہ بھی تروتازہتصویر: Colourbox/PetraD

جلد کی مناسب دیکھ بھال

جلد کی حفاظت کے لیے عموماً کریم یا لوشن وغیرہ استعمال کیا جاتا ہے۔ جلد کو صاف رکھنے، اسے نکھارنے اور جُھریوں وغیرہ سے محفوظ رکھنے کے لیے دستیاب کریمیں اور لوشن وغیرہ کیمیائی اجزاء سے تیار کیے جاتے ہیں اس لیے ان کے ضمنی اثرات ضرور ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جلد کی دیکھ بھال کے لیے دستیاب مصنوعات زیادہ تر گندم، سلسیفی ہیں۔ ان دونوں اجزاء میں Allantoin یا ایک بلوری شے جو جنین کی جھلی میں پائی جاتی ہے، شامل ہوتی ہے۔

ماہرین جلد کا کہنا ہے کہ قدرتی تیل جیسے کہ ارگنڈی، بادام اور جوجوبا جلد کو اضافی رطوبت فراہم کرتا ہے۔ اگر یہ سارے نسخے ناکام ہو جائیں تو hyaluronic acid یا حیاتیاتی کیمیا، جسے رجاجی تیزاب بھی کہا جاتا ہے کا استعمال جلد کی رطوبت کو برقرار رکھنے اور خاص کیسوں میں اسے جلد میں انجکٹ کرنے کے کام آتا ہے۔

Frau Gesicht Peeling Symbolbild
چہرے کو جُھریوں اور داغ دھبوں سے بچانے کے لیے خواتین بہت سے طریقے بروئے کار لاتی ہیںتصویر: Colourbox/Serghei Starus

جرمن جریدے Test نے 9 اینٹی ایجننگ کریموں کا تجربہ 270 خواتین پر چار ہفتوں تک کیا۔ ان خواتین کے چہرے کے ایک طرف چار ہفتوں تک صبح اور شام ان کریموں کو لگایا گیا جبکہ چہرے کی دوسری طرف نارمل موئسچرائزنگ کریم لگائی گئی۔ چہرے کے اطراف کی کریم لگانے سے پہلے اور بعد دونوں حالت میں تصویریں بنائی گئیں اور اُن کا موازنہ کیا گیا۔ نتیجے سے ظاہر ہوا کہ اینٹی ایجننگ یا چہرے کو جُھریوں اور بڑھاپے کے اثرات سے بچانے والی کریموں کا کوئی خاص اثر نظر نہیں آیا۔