1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خواتین ’فوجیوں‘ سے ہوشیار رہیں، امریکی فوج

28 مارچ 2010

امریکی فوج کی جرائم کے انسداد سےمتعلق کمانڈ کی جانب سے ایک بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ کچھ جرائم پیشہ افراد انٹرنیٹ پر خود کو امریکی فوج کا اہلکار ظاہر کر کے لوٹ لیتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/MgNd
تصویر: AP

امریکی فوج کے مطابق دنیا بھر سے درجنوں ایسے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں جن میں انٹرنیٹ پر کچھ افراد نے پہلے تو خود کو امریکی فوجی ظاہر کیا اور خواتین سے شادی کا وعدہ کر کے ہزاروں ڈالر بٹور لئے۔ فوج کے مطابق ایسے افراد پہلے خواتین سے محبت کا زبردست ڈرامہ رچاتے ہیں اور انہیں مکمل طور پر اپنے جال میں پھانس لینے کے بعد کوئی مجبوری ظاہر کر کے پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔ محبت کی ماری خواتین اپنے جذبات سے مرعوب ہو کر وہ رقم ان تک ارسال کر دیتی ہیں اور نتیجہ یہ کہ یہ لوگ پیسہ لے کر غائب ہو جاتے ہیں۔

Student in Shanghai surft im Internet
انٹرنیٹ پر دھوکہ دہی کے زیادہ تر واقعات کا تعلق افریقہ سے ہےتصویر: AP

اسپیشل سی آئی ڈی ایجنٹس کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ ایسے افراد کا امریکی فوج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ امریکی فوج کے سی آئی ڈی شعبے کے ترجمان کرس گرے کے مطابق انٹرنیٹ پر ایسے فراڈ کرنے والے افراد کبھی کبھی اصل امریکی فوجیوں کے نام، عہدے اور تصاویر تک استعمال کرلیتے ہیں اور کبھی کبھی تو جھوٹا شناخت نامہ بھی بنا لیتے ہیں۔

فوجی بیان کے مطابق جرائم پیشہ یہ افراد محبت کے سحر میں گرفتار لڑکیوں سے لیپ ٹاپ خریدنے یا ان تک پہنچنے کے لئے ہوائی جہاز کے ٹکٹ کے لئے پیسوں کا مطالبہ کرتے ہیں اور اپنی چکنی چپڑی باتوں میں اتار کر آخرکار رقم حاصل کر ہی لیتے ہیں۔ گرے کے مطابق خواتین ہوشیار رہیں اور اگر کوئی شخص خود کو امریکی فوج کا اہلکار ظاہر کر کے کسی بھی مقصد کے لئے پیسے طلب کرے یا مجبوری ظاہر کرے تو سمجھئے دھوکہ دیا جا رہا ہے۔

’’یہ افراد عمومی طور پر دوسرے ممالک کے ہیں۔ ایسے افراد میں سے زیادہ تر کا تعلق گھانا، انگولا یا نائجیریا سے ہے۔ یہ افراد اپنے کام میں ماہر ہیں اور ان میں سے کچھ امریکی ثقافت اور انداز گفتگو سے بھی اچھی طرح واقف ہیں۔‘‘

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : ندیم گِل