جرمن باشندے نے لاٹری میں 77 ملین یورو کی ریکارڈ رقم جیت لی
26 مارچ 2016شہر کولون سے ہفتہ 26 مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق جرمن باشندوں میں بہت مقبول لاٹری کا انتظام کرنے والے ادارے کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ آج سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا تھا کہ جرمنی میں کسی صارف نے لاٹری میں اتنی بڑی رقم جیتی ہو۔
جرمن لاٹری آرگنائزیشن کے مینیجنگ ڈائریکٹر آندریاز کوئٹر نے ہفتے کے روز ڈی پی اے کو بتایا کہ ان دنوں منائے جانے والے ایسٹر کے مسیحی تہوار کی مناسبت سے کہا جا سکتا ہے، ’’گزرا ہوا دن گڈ فرائیڈے تھا اور آنے والا کل ایسٹر سنڈے ہو گا۔ ایسٹر کے تہوار کی نسبت انڈوں سے ہوتی ہے اور اس شخص کو ایسٹر پر تحفے میں واقعی ’بہت بڑا انڈہ‘ ملا ہے۔‘‘
جس جرمن باشندے نے یہ لاٹری جیتی ہے، وہ دریائے رائن کے ساتھ ساتھ رائن لینڈ کے علاقے کا رہائشی بتایا گیا ہے اور قانونی طور پر لاٹری کمپنی اس کی شناخت ظاہر نہیں کر سکتی۔ تاہم اس آرگنائزیشن نے یہ ضرور کہا ہے کہ 76.8 ملین یورو یا 85.8 ملین امریکی ڈالر کے برابر انعام جیتنے والے اس شخص نے چند یورو کے عوض صرف ایک ہی ٹکٹ خریدا تھا۔
اس سے قبل اسی سال جرمنی میں رائن لینڈ کے اسی علاقے کے ایک اور صارف نے بھی لاٹری میں 49.7 ملین یورو کا انعام جیتا تھا۔
پورے یورپ میں لاٹری ’جیک پاٹ‘ کے طور پر سب سے بڑی رقم جیتنے کا موجودہ ریکارڈ 2015 میں بنا تھا، جب چیک جمہوریہ کے ایک شہری نے قرعہ اندازی میں نکالنے جانے والے نمبروں کا بالکل درست اندازہ لگا کر 90 ملین یورو جیتے تھے۔
جرمن لاٹری آرگنائزیشن کے شماریاتی اندازوں کے مطابق جس شخص نے صرف ایک ٹکٹ خرید کر قریب 77 ملین یورو کا انعام جیتا ہے، وہ اس لیے بہت خوش قسمت رہا کہ اس مرتبہ کسی صارف کے لیے ایک ٹکٹ خرید کر جیک پاٹ جیت لینے کا امکان 95 ملین میں سے ایک تھا۔