بھارتی کرکٹ بورڈ نے دورہِ پاکستان کی منظوری دے دی ہے: ترجمان پی سی بی
19 نومبر 2008پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کے مطابق یہ بات بھارتی بورڈ کے صدر نے پاکستانی بورڈ کے چئیرمین سے بزریعہ فون کہی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ بھارتی بورڈ نے اپنی حکومت کو دورہِ پاکستان کے حوالے سے کلئیرنس دے دی ہے اور بورڈ کو امید ہے کہ دس سے بارہ روز میں اس حوالے سے حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئندہ برس جنوری میں بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ میچ اور ایک ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی مگر اس حوالے سے بھارتی ٹیم کا دورہ اس وقت کھٹائی میں پڑتا دکھائی دیا جب بھارتی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اپنی جونیئر ہاکی ٹیم کا دورہِ پاکستان منسوخ کردیا۔ اس حوالے سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے دورے کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ بورڈ بھارتی ٹیم کے دورہ ِ پاکستان کے حوالے سے خاصی پر امید ہے۔ اس دورے سے پاکستان کرکٹ بورڈ لاکھوں ڈالرز کی آمدنی کی توقع کررہا ہے۔ اس برس آسٹریلیا کے دورہِ پاکستان کی منسوخی اور چیمپیئنر ٹرافی کے التوا کے باعث پاکستانی کرکٹ بورڈ کو شدید گھاٹے کا سامنا رہا ہے۔