1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بُش۔اوباما ملاقات مثبت، تعمیری اور دوستانہ: وائٹ ہاوٴس

گوہر نذیر گیلانی11 نومبر 2008

وائٹ ہاوٴس کی خاتون ترجمان، ڈینا پیرینو کے مطابق اوباما نے موجودہ صدر جارج بُش کے ساتھ ’’اوول‘‘ آفس میں ایک گھنٹے کی ملاقات میں اقتصادی بحران کے علاوہ دیگر اہم مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

https://p.dw.com/p/FrIM
وائٹ ہاوٴس کی طرف سے جاری اس تصویر میں موجودہ صدر جارج بُش نو منتخب امریکی صدر باراک اوباما کوحالیہ انتخابات میں ان کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئےتصویر: AP

چار نومبر کے صدارتی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد نو منتخب امریکی صدر باراک اوباما، پیر کی دوپہر، اپنی اہلیہ مشیئل اوباما کے ہمراہ پہلی مرتبہ وائٹ ہاوٴس گئے۔

وائٹ ہاوٴس کی پریس سیکرٹری پیرینو نے کہا کہ دونوں رہنماٴوں کے مابین اختلافات کے باوجود مثبت بات چیت ہوئی۔

’’بے شک دونوں کے درمیان پالیسوں کے حوالے سے اختلافات ہیں لیکن دونوں ہی اپنے ملک کے ساتھ محبّت کرتے ہیں، اور وطن کے تئیں محبّت کو مدنظر رکھتے ہوئے، دونوں ہی ایک ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ آگے بڑھا جاسکے۔‘‘

US-Wahlen 2008 Barack und seine Familie auf der Wahlparty in Chicago
نو منتخب امریکی صدر باراک اوباما اپنی اہلیہ مشیئل اوباما اور ان کی دو بیٹیوں، مالیا اور ساشا کے ہمراہ شکاگو میںتصویر: AP

وائٹ ہاوٴس کی خاتون ترجمان نے بُش۔اوباما ملاقات کو تعمیری، دوستانہ، اور اچھا قرار دیا جبکہ خود جارج بُش نے بھی اوباما کے ساتھ اپنی ملاقات کو ’’دوستانہ‘‘ قرار دیا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بُش۔اوباما ملاقات میں مالیاتی بحران کے علاوہ عراق اور افغانستان کی جنگوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

واشنگٹن میں ڈان نیوز کے بیورو چیف، انور اقبال نے بُش۔ اوباما ملاقات کے حوالے سے بتایا: ’’سی این این سمیت دیگر امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بُش۔اوباما ملاقات کے دوران موجودہ اقتصادی بحران کے ساتھ ساتھ افغانستان اور عراق کی جنگیں بھی زیر بحث آئیں۔‘‘