امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک آج پاکستان پہنچ رہے ہیں
22 جولائی 2009امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان رابرٹ وُوڈ کا کہنا ہے کہ ہالبروک جمعرات تک پاکستان میں رہیں گے جہاں وہ پاکستانی صدر آصف علی زرداری ، وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور انٹیلیجنس سروسز کے سربراہ جنرل احمد شجاع پاشا سے ملاقاتیں کریں گے۔
رابرٹ ووڈ کے مطابق امریکی خصوصی مندوب کےد ورے کا مقصد پاکستانی اعلیٰ قیادت کے ساتھ معاشی اور سیکیورٹی معاملات پر تبادلہ خیال کرنا ہے، خاص طور پر مالاکنڈ آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی اور بحالی کے معاملات موضوع گفتگو ہوں گے۔
بیس لاکھ سے زائد مہاجرین کی اپنے علاقوں میں مرحلہ وار واپسی کا عمل ان دنوں جاری ہے۔ پاکستانی حکومت نے ان متاثرین کی بحالی اور علاقے کی تعمیر نو کے لئے ملکی مالی وسائل بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری سے امداد کی اپیل کررکھی ہے۔
افغانستان اور پاکستان کے لئے خصوصی امریکی مندوب رچرڈ ہالبروک طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی سے متاثر ہونے والے افراد کے نمائندوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
رچرڈ ہالبروک جمعرات کو افغانستان روانہ ہوجائیں گے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق افغانستان میں ان کی مصروفیات کی تفصیلات ابھی تک طے نہیں ہوئیں۔ 20 اگست کو افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخابات اور طالبان کے حملوں میں اتحادی فوجیوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے تناظر میں ہالبروک کے دورے کو کافی اہم قرار دیا جارہا ہے۔ افغانستان کے مختلف علاقوں میں جولائی کے دوران دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں اب تک اتحادی اَفواج کے 57 اہکار مارے جا چکے ہیں، جن میں سے 30فوجیوں کا تعلق امریکہ سے ہے۔
امریکی صدر باراک اوباما نے حال ہی میں پاکستان اور افغانستان کو اپنی خارجہ پالیسی میں نہایت اہم قرار دیا ہے، اور افغانستان میں قیام امن کے علاوہ القاعدہ کی بیخ کنی کے لئے نئی حکمت عملی اپنانے کا اعلان کیا ہے۔