1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونانی شاہراہ پر مہاجرین کی گاڑی کو حادثہ، چھ افراد ہلاک

8 جون 2018

 یونان کی شمالی شاہراہ پر مہاجرین سے بھری ہوئی ایک گاڑی کے حادثے میں اطلاعات ہیں کہ تین بچوں سمیت چھ تارکین وطن ہلاک ہو گئے ہیں۔ اس جیپ میں ڈیڑھ درجن کے قریب افراد کو اسمگل کیا جا رہا تھا۔

https://p.dw.com/p/2zAKE
Griechisch-türkische Grenze
تصویر: picture-alliance/AP Photo/T. Stavrakis

پولیس کے مطابق یہ حادثہ سولہ مہاجرین سے بھری ایک جیپ کے ساتھ کوالہ کے قصبے کے قریب پیش آیا۔ اس جیپ میں مہاجر مرد، خواتین اور بچے سوار تھے۔ اس ایکسیڈنٹ میں چار افراد شدید زخمی بھی ہوئے ہیں۔ جیپ بے قابو ہو کر سڑک کے دوسری طرف واقع چٹانوں سے ٹکرا گئی تھی۔

حادثے میں بچ جانے والوں میں سے تین مہاجرین کو سر میں شدید چوٹیں آئی ہیں جبکہ چوتھے تارک وطن کا ہڈیوں کے فریکچر کے باعث آپریشن کیا گیا ہے۔ باقی چھ افراد کو معمولی زخم آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جیپ کا ڈرائیور بھی مرنے والوں میں شامل ہے جسے مہاجرین کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کا رکن بتایا گیا ہے۔ یونانی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تارکین وطن کا تعلق شام اور عراق سے ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گاڑی شمال مشرقی علاقے ایروس سے آئی تھی جو ترکی کے بارڈر سے ملحق ہے۔ یہ علاقہ مشرق وسطی، ایشیا اور افریقہ سے یورپ جانے کی خواہشمند مہاجرین کے لیے مرکزی مقام کی حیثیت رکھتا ہے۔ مقامی پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ حادثے کی وجہ واضح نہیں ہو سکی جبکہ پٹرولنگ کرنے والی گاڑیوں کی جانب سے مہاجرین کی اس جیپ کا تعاقب بھی نہیں کیا جا رہا تھا۔

اس علاقے میں مہاجرین سے بھری گاڑیاں اکثر حادثات کا شکار ہوتی ہیں۔ انسانی اسمگلر ان تارکین وطن کو ایک گاڑی میں بھر کر جلد از جلد تھیسالونیکی پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں اور اس دوران یہ پولیس کے تعاقب کرنے کے باعث حادثے سے دوچار بھی ہو جاتی ہیں۔

ص ح/ اے پی