1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان کو اقتصادی بحران کے بعد اب سیاسی بحران کا سامنا

عابد حسین17 دسمبر 2014

یونانی صدارتی الیکشن کے سلسلے میں پارلیمنٹ میں آج بدھ کے روز ووٹنگ ہو رہی ہے۔ اگر پارلیمنٹ تیسری ووٹنگ میں صدر منتخب کرنے میں ناکام رہی تو نئے پارلیمانی الیکشن کی راہ ہموار ہو جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1E5wn
تصویر: Reuters

یونان کی اقتصادی مشکلات کے تناظر میں موجودہ حکومت نے صدارتی الیکشن کو اگلے برس فروری سے قبل منعقد کروانے کا فیصلہ کیا۔ فروری سن 2015میں ایتھنز حکومت کے یورپی یونین اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ مالی معاملات پر مذاکرات کا مرحلہ مکمل کیا جانا ہے۔ آج بدھ کے روز یونانی پارلیمنٹ میں نئے صدر کے انتخابات کے سلسلے میں رائے شماری ہو گی۔ قدامت پسند وزیراعظم انتونِس ساماراس کی حکومت نے یورپی یونین میں ماحولیات کے سابق کمشنر سٹاوروس دیماز (Stavros Dimas) کو نئے صدر کے لیے نامزد کر رکھا ہے۔

صدارتی الیکشن کو یونانی دستور کے مطابق ہر صورت میں تیسری رائے شماری میں مکمل کرنا ہوتا ہے۔ اگر ایسا نہ ہو سکا تو پارلیمنٹ کو تحلیل کر کے نئے پارلیمانی انتخابات کا اعلان کیا جاتا ہے۔ یونانی پارلیمنٹ کا ایوان تین سو نشستوں پر مشتمل ہے۔ پہلی دو ووٹنگ میں ساماراس حکومت کو دو سو ووٹ درکار ہیں۔ تیسری رائے شماری پر صرف 180 اراکین کی جانب سے کسی بھی امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالے گئے تو ملک کا وہ نیا صدر منتخب ہو جائے گا۔ یونان میں صدر کا عہدہ دستوری ضرورت کا ہے۔ یونانی صدر کے انتخاب کے لیے تیسری پولنگ 29 دسمبر کو ہو گی۔ اگر نئے انتخابات ہوئے تو بنیاد پرست بائیں بازو کی سیاسی جماعت سیریزا کی جیت یقینی خیال کی جاتی ہے۔

Stavros Dimas, Pressekonferenz
ساماراس حکومت نے یورپی یونین میں ماحولیات کے سابق کمشنر سٹاوروس دیماز کو نئے صدر کے لیے نامزد کر رکھا ہے۔تصویر: AP

تجزیہ کاروں کے خیال میں وزیراعظم انتونِس ساماراس کو سرِدست مشکل دکھائی دے رہا ہے کہ وہ سٹاوروس دیماز کے انتخاب کو یقینی بنانے کے لیے 200 اراکین کی حمایت حاصل کر لیں گے۔ صدارتی الیکشن پر چھائی بے یقینی کی فضا نے گزشتہ چار ایام سے یونانی بازارِ حصص کو شدید متاثر کر رکھا ہے۔ ان ایام کے دوران حصص کی قیمتوں میں بیس فیصد کی کمی دیکھی گئی۔ کل منگل کے روز بھی ایتھنز اسٹاک مارکیٹ میں مندی چھائی رہی اور مجموعی طور پر0.26 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

یونانی پارلیمنٹ میں ہونے والی صدارتی الیکشن کی رائے شماری کو یورپ بھر میں خاص توجہ حاصل ہے۔ یورپ میں ابھی تک یونان کے مستقبل پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں اور یورو زون میں یونان کو اپنی مالی مشکلات کی وجہ سے خاصی پریشانی کا سامنا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سن 2012 کے مقابلے میں یونان کی مالی پوزیشن میں قدرے بہتر دکھائی دیتی ہے لیکن معیشتٰ ابھی تک پوری طرح چلتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اگر صدارتی الیکشن میں انتونِس سامارس کی حکومت کو ناکامی کا سامنا رہتا ہے تو یونان کی مالی مشکلات مزید گہری ہو جائیں گی۔