1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ کا پہلا زیر آب ریستوران

20 مارچ 2019

ناروے کے جنوبی حصے میں ایک زیر آب ریستوران نے کام شروع کر دیا ہے۔ ابتدا ہی میں سات ہزار گاہکوں نےبکنگ کرالی۔ پانی کے اندر تیرتی مچھلیوں کے بیچ کھانا کھانے کا تجربہ لاجواب رہا۔

https://p.dw.com/p/3FNDR
Unterwasser-Restaurant Under in Baaly, Norwegen
تصویر: Reuters/L. Karagiannopoulos

اپنی مثال آپ  زیر آب یہ ریستوران دیکھنے والوں کو حیرت میں مبتلا کر دیتا ہے۔ ناروے کے انتہائی جنوبی سرے پر واقع اس ریستوران کا کچھ حصہ ساحل پر اور کچھ پانی کے اندر ہے۔ پانی کے اندر موجود حصہ ٹھوس ٹیوب کی شکل کا بنایا گیا ہے۔ یہ نارویجن فن تعمیر کا شاہکار ہے۔ یہ حیرت انگیز ریستوران ناروے کی اسنوہتا نامی کمپنی کا پہلا تعمیراتی شاہکار نہیں بلکہ اس سے قبل اوسلو کا اوپرا ہاؤس اور نیویارک کا میموریل میوزیم بھی اسی کمپنی کے ماہرین کی تخلیق ہے۔

اس آئیڈیا کے بانی شیتل ٹریڈل تھورسن کے مطابق، ’’یہ کوئی چھوٹا سا مچھلی گھر نہیں بلکہ یہ ایک مسحورکن  حقیقت ہے۔یہ منظر نہایت دُلربا ہوتا ہے جب کوئی پانی کے اوپر سے پانی کے اندر چل کر جاتا ہے۔‘‘

Unterwasser-Restaurant Under in Baaly, Norwegen
تصویر: Reuters/L. Karagiannopoulos

اس ریستوران کے اندر داخلے کے وقت محسوس ہوتا ہے جیسے آپ کسی ساؤنا میں داخل ہو رہے ہوں۔ اوپری احاطہ لکڑی کے تختوں سے تشکیل دیا گیا ہے۔ آنے والے گاہک کو آٹھ میٹر لمبی سیڑھیاں ڈائننگ ایریا کی جانب لے جاتی ہیں۔ یہاں بیک وقت چالیس مہمان بیٹھ سکتے ہیں۔ مہمانوں کے سامنے بہت بڑی شفاف ونڈو موجود ہے جو سمندر کے اندر کے مناظر اور رنگینیاں دکھاتی ہے۔

اس ریستوران کا کچھ حصہ باہرکی جانب اس لیے رکھا گیا ہے تاکہ دن کے وقت باہرکی روشنی سے قدرتی طور پر اندر اجالا رہے۔ یہ روشنی پانی کےاندر موجود ہرے رنگ کے ساتھ مل کر ایک سکون بخش احساس کا باعث بنتی ہے۔

  

Unterwasser-Restaurant Under in Baaly, Norwegen
تصویر: Reuters/L. Karagiannopoulos

اس ریستوران کے در و دیوار کی خوبصورتی اپنی جگہ مگر کھانا بھی لاجواب ہے۔ مکمل لوازمات کے ساتھ طعام کی فہرست  اٹھارہ مختلف ڈشز پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ سمندر کے اندر بیٹھ کر سی فوڈ کا مزہ بھی لیا جاسکتا ہے۔کھانے اور ڈرنکس کے ساتھ  فی کس خرچ 430 ڈالر بنتا ہے۔

اس ریستوران کے مالکان پچاس فیصد سے زائد ایسے گاہکوں کے منتظر ہیں۔ جو طعام کے ساتھ ساتھ قیام بھی اسی ریستوران میں کریں کیونکہ یہ صرف ریستوران ہی نہیں بلکہ ہوٹل بھی ہے۔ اس ہوٹل کے مالک دو بھائی ہیں۔ ان کا اندازہ ہے کہ ہر سال قریب بارہ ہزار لوگ اس ہوٹل میں طعام کر سکیں گے۔

Unterwasser-Restaurant Under in Baaly, Norwegen
تصویر: Reuters/L. Karagiannopoulos

اس ریستوران اور ہوٹل کے افتتاحی عشائیے میں مالکان کے اہل خانہ کے علاوہ دوست و احباب بھی مدعو کیے گئے۔ عام صارفین  سمندری دنیا اور مزیدارکھانوں سے اپریل کےآغاز سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔