1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورو 2022، انگلش خواتین نے تاریخ رقم کر دی

1 اگست 2022

برطانوی کھلاڑی کلوئے کیلی نے اضافی وقت میں گول کر کے یورو کپ 2022 کے فائنل میں اپنی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی دلوا دی۔ اس اہم یورپی کپ میں انگلینڈ کی ٹیم نے پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/4Ewpt
Women's Euro 2022 - Finale - England vs Deutschland - Pokal
تصویر: Peter Cziborra/REUTERS

خواتین کے فٹ بال ٹورنامنٹ یورو کپ کے فائنل میں جرمن ٹیم کو شکست دیتے ہوئے انگلش خواتین نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کامیابی سے انگلش خواتین میں فٹ بال کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔ پہلی مرتبہ انگلش ٹیم اس اہم یورپی ٹورنامنٹ میں ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس فائنل میچ میں نوے منٹ تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اضافی وقت 110ویں منٹ میں کلوئے کیلی نے گول کر دیا اور یوں انگلش اور جرمن خواتین کا یہ مقابلہ ایک دو پر ہی ختم ہوا۔

اس میچ میں پہلا گول انگلش کھلاڑی ایلا ٹونے نے باسٹھویں منٹ میں کیا، جسے جرمن کھلاڑی لینا موگول نے 79ویں منٹ میں برابر کر دیا۔ میچ ختم ہونے تک یہ میچ ایک ایک ایک گول کے ساتھ برابر تھا۔ یوں میچ کا فیصلہ ایکسٹرا ٹائم میں ہوا۔

اس میچ کے دوسرے ہاف اور ایکسٹرا ٹائم میں جرمن خواتین کھلاڑیوں کا پلڑا بھاری تھا اور انہوں نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن اضافی وقت کے دوسرے ہاف کے آخری منٹوں میں متبادل انگلش کھلاڑی  کلوئے کیلی کو جرمن گول کے سامنے ایک آسان پاس مل گیا، جسے انہوں نے پہلے تو مس کیا لیکن جرمن دفاعی کھلاڑی کے ری باؤنڈ پر گول میں ڈال دیا۔

جرمن خواتین کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں فیورٹ قرار دی جا رہی تھی۔ جرمن خواتین نے اس یورپی چیمپئن شپ کے گروپ میچوں میں شاندار کارکردگی دکھائی اور ناک آؤٹ راؤنڈ میں بھی ان کی حکمت عملی اور دفاعی کھیل مؤثر رہا۔

مجموعی طور پر تمام میچ میں جرمن اور انگلش خواتین  ایک 'جسمانی لڑائی‘ میں دکھائی دی۔ دونوں ٹیموں کی بالخصوص دفاعی کھلاڑیوں کی طرف فاؤلز بھی کیے گئے۔ اس میچ کی صورتحال لمحہ با لمحہ بدلی اور کبھی معلوم ہوتا تھا کہ جرمن ٹیم حاوی ہو گئی ہے تو اگلے ہی لمحے انگلش خواتین بازی لے جاتی تھیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ فائنل میں اچھی پرفارمنس کے باوجود جرمن خواتین بدقسمت رہیں اور یہ ٹائٹل اپنے نام نہ کر سکیں۔ انگلش میڈیا نے لکھا ہے کہ یورو کپ 2022 میں کامیابی حاصل کر کے انگلش خواتین کی ٹیم نے خواتین میں ایک نیا جذبہ پیدا کر دیا ہے، جو مستقبل میں انگلینڈ میں خواتین کے فٹ بال کے فروغ کا باعث بنے گا۔