1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یو ٹیوب کی بھارت میں قدم جمانے کی کوششیں

24 فروری 2011

انٹرنیٹ کمپنی گوگل کی ملکیت ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یو ٹیوب آن لائن صارفین کی بہت بڑی منڈی ہے۔ یو ٹیوب اب بھارت میں بالی وڈ فلموں اور کرکٹ کے ذریعے اپنے قدم جمانے کی کوششیں کر رہی ہے۔

https://p.dw.com/p/10P5n
تصویر: picture-alliance/dpa

اس مقصد کے لیے گوگل اور یو ٹیوب کی بھارت کے کئی بڑے فلم اسٹوڈیوز کے ساتھ بات چیت بھی جاری ہے تاکہ یو ٹیوب کی فلم لائبریری کو زیادہ سے زیادہ وسعت دی جا سکے۔ بھارت میں یو ٹیوب ویب سائٹ سن 2008ء میں لانچ کی گئی تھی۔

اس ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ کے اعلیٰ عہدیداروں کی رائے میں بالی وڈ فلموں اور کرکٹ کی بہت بڑی مارکیٹ صرف بھارت ہی میں نہیں ہے بلکہ دنیا میں کئی ایسی منڈیاں بھی ہیں، جن کو کاروباری حوالے سے ابھی تک دریافت نہیں کیا جا سکا۔

گوگل کے ایشیا بحر الکاہل کے لیے Content Partnerships کے ڈائریکٹر گوتم آنند نے ممبئی میں خبر ایجنسی روئٹرز کو بتایا کہ یو ٹیوب کو مقامی طور پر وسعت دینا ایک نظریہ ہے، جو کاروباری حوالے سے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ گوتم آنند نے کہا کہ بھارت میں کئی بالی وڈ پروڈیوسر ایسے ہیں، جن کے لیے غیر روایتی منڈیوں میں مارکیٹنگ ایک بڑا مسئلہ ہے۔ لیکن اس کا بڑا منفی پہلو یہ ہے کہ یوں ایسی منڈیوں میں لوگوں کے پاس آن لائن piracy یا کاپی رائٹس کی خلاف ورزی ہی واحد راستہ رہ جاتا ہے۔

Rubrikengrafik Youtube Videos persisch

گوتم آنند کے بقول یو ٹیوب کے ساتھ اشتراک عمل سے کم از کم اس کاروبار کو قانونی شکل دی جا سکتی ہے۔ بھارت میں اس وقت یو ٹیوب کے unique یا تکنیکی حوالے سے 'منفرد‘ قرار دیے جانے والے صارفین کی تعداد 17.3 ملین ہے۔ یہ تعداد امریکہ کے بعد کسی بھی ملک میں یو ٹیوب کے ’منفرد‘ صارفین کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بھارت گوگل اور یو ٹیوب کے لیے بڑی ہی پر کشش منڈی ہے۔ اس لیے بھی دنیا میں آبادی کے لحاظ سے اس دوسرے سب سے بڑے ملک میں گزشتہ برس ستمبر تک 'براڈ بینڈ‘ انٹر نیٹ کنکشن والے صارفین کی تعداد 10.3 ملین تھی۔ بھارت کی ٹیلی کوم ریگولیٹری اتھارٹی کی کوشش ہے کہ سن 2012 کے آخر تک یہ تعداد 75 ملین اور 2014ء کے آخر تک 160 ملین ہو جانی چاہیے۔

گوگل کی کوشش ہے کہ بھارت میں یو ٹیوب ویب سائٹ کے حوالے سے اس کی موجودگی میں اضافے کی جو کوششیں کی جا رہی ہیں، وہ صرف پرسنل کمپوٹرز استعمال کرنے والے صارفین تک ہی محدود نہ ہوں۔ اس کے برعکس یہی سہولت موبائل ٹیلی فون صارفین کو بھی ملنی چاہیے۔ اس لیے کہ بھارت میں موبائل ٹیلی فون استعمال کرنے والے شہریوں کی تعداد بھی 700 ملین بنتی ہے۔

یو ٹیوب صرف بالی وڈ ہی نہیں بلکہ کرکٹ کو بھی بھارت میں اپنی کامیابی کا بڑا ذریعہ بنانا چاہتی ہے۔ اس کے لیے گوتم آنند یہ مثال دیتے ہیں کہ گزشتہ برس یو ٹیوب نے بھارت میں کرکٹ کے جس ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کو اپنی ویب سائٹ کے ذریعے دکھانے کا اہتمام کیا تھا، وہ 200 سے زائد ملکوں میں براہ راست دیکھا گیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ کو یو ٹیوب پر دیکھنے والے صارفین کی تعداد 55 ملین رہی تھی۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں