1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’ہندو‘ ایک گندہ اور توہین آمیز لفظ ہے، بھارتی اپوزیشن لیڈر

8 نومبر 2022

بھارتی سیاست دان ستیش جارکی ہولی کے مطابق ’ہندو‘ کی اصطلاح فارسی زبان سے آئی ہے اور اس کے اصل معنی ’گندہ اور توہین آمیز‘ کے ہیں۔ بعد میں انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد کسی عیقدے کی توہین کرنا نہیں تھا۔

https://p.dw.com/p/4JDVH
بھارتی سیاست دان ستیش جارکی ہولی
بھارتی سیاست دان ستیش جارکی ہولیتصویر: Hindustan Times/IMAGO

جنوبی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے بھارتی سیاست دان ستیش جارکی ہولی نے کہا کہ ’ہندو‘ کی اصطلاح فارسی زبان سے آئی ہے، جس کا مطلب ’گندہ اور توہین آمیز‘ ہے۔ ان کا تعلق حزب اختلاف کی جماعت انڈین نیشنل کانگریس سے ہے۔

سابق وزیر اور کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ صدر کا کہنا تھا، ’’ہندو کی اصطلاح کہاں سے آئی؟ کیا یہ ہمارا اپنا لفظ ہے؟ نہیں! اس کا اوریجن فارسی ہے۔ یہ کہاں ہے؟ اس سے مراد ایران، عراق، قازقستان اور ازبکستان جیسے ممالک ہیں۔ بھارت اور ایسے ممالک کے درمیان کیا رشتہ ہے؟ یہ ایک بھارتی اصطلاح کیسے ہو سکتی ہے؟ اس پر بحث کی ضرورت ہے۔‘‘

کیا بھارت قیدیوں کے ازدواجی حقوق کی اسکیم میں توسیع کرے گا؟

ان کا کہنا تھا، ’’براہ کرم ویکی پیڈیا جیسی سائٹس سے رجوع کریں۔ اگر یہ بھارتی اصطلاح نہیں ہے تو کچھ لوگ اسے اتنی سنجیدگی سے کیوں لے رہے ہیں؟ اگر آپ اس کے اصل معنی کو سمجھیں گے تو آپ کو اپنے آپ پر شرم آئے گی۔ اس اصطلاح کے اصل معنی بہت گندے اور توہین آمیز ہیں۔‘‘

بھارتی لیڈر کے دعوے کے برعکس وکی پیڈیا کے مطابق، ’’ہندو‘‘ کی اصطلاح پرانی فارسی سے ملتی ہے، جس نے یہ نام سنسکرت کے نام سندھو سے اخذ کیا ہے، جو دریائے سندھ کا حوالہ دیتا ہے۔

 بیان پر سخت ردعمل

ستیش جارکی ہولی کے اس تبصرے پر حکمران اور دائیں بازو کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے سخت تنقید کی ہے جبکہ ان کی اپنی ہی کانگریس پارٹی نے بھی اس بیان سے دوری اختیار کر لی ہے۔ کانگریس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’مسٹر جارکی ہولی سے منسوب بیان انتہائی افسوس ناک ہے اور یہ مسترد کیے جانے کا مستحق ہے۔‘‘

بعدازاں جارکی ہولی نے بھی ایک وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مطلب مذہب کی توہین کرنا نہیں تھا اور وہ دوسرے ذرائع کے مطابق اس اصطلاح کی ابتداء کی طرف اشارہ کر رہے ہیں۔

تانیکا گُڈبولے (ا ا / ش ح)