1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ہم جنس پرستی بڑھتی ہوئی اور ایڈز کے خطرات بھی

کشور مصطفیٰ2 جولائی 2015

یورپی ملک برطانیہ میں قریب ایک لاکھ دس ہزار افراد ایچ آئی وی کے مہلک وائرس کا شکار ہیں۔ گزشتہ ایک دہائی میں اس تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Frsk
Großbritannien Homoehe
تصویر: Getty Images

المیہ یہ کے ایچ آئی وی کے شکار ہر چار میں سے ایک شخص میں اس مرض کی تشخیص نہیں ہوئی ہے اور اُسے اس مرض کا شکار ہو جانے کا علم ہی نہیں ہے۔ یہ حقائق نیشنل ایڈز ٹرسٹ کی طرف سے سامنے لائے گئے ہیں۔

برطانیہ میں محض 2013ء میں چھ ہزار افراد میں ایچ آئی وی وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ان میں سے نصف سے زیادہ تعداد ’ہم جنس پرست‘ مردوں کی تھی۔ اسی سال برطانیہ کے ایک معروف اور متعدد ایوارڈ یافتہ ڈرامہ ہدایت کار اینڈریو کیٹس میں بھی ایچ آئی وی کے وائرس کی اچانک تشخیص ہوئی۔ وہ بھی ایک ڈرامے کی پروڈکشن کے دوران۔ کیٹس کا تھامسن روئٹرز فاؤنڈیشن سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’میں ایسے سینکڑوں انسانوں سے مل چُکا ہوں جن میں ایچ آئی وی وائرس کی تشخیص ہو چُکی ہے تاہم وہ اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتے جس کی وجہ معاشرے میں ایسے افراد کو ایک دھبہ یا کلنک کا ٹیکہ سمجھنے کا رجحان ہے‘‘۔

HIV-Test für Smartphones
ایچ آئی وی ٹیسٹ اسمارٹ فون پرتصویر: Tassaneewan Laksanasopin/Columbia University

ایچ آئی وی ایڈز پر بننے والا ڈرامہ

ایچ آئی وی ایڈز کے موضوع پر بننے والے سب سے پہلے ڈراموں میں سے ایک As Is ہے۔ جس کے ہدایت کار اینڈریو کیٹس ہی ہیں۔ اس ڈرامے کی کہانی ایک غیرفعال ہم جنس پرست نوجوان جوڑے کے گرد گھومتی ہے۔ اس جوڑے کی زندگی نہایت افراتفری اور انتشار کی شکار اُس وقت ہو جاتی ہے جب 80 کے عشرے میں نیو یارک میں ایڈز کی وبا بُری طرح پھیلتی ہے۔

اس پلے کے 30 سال مکمل ہوئے ابھی گزشتہ بُدھ کو اور اس موقع پر اسے لندن کے ٹریفالگر اسٹوڈیوز میں پرفارم کیا گیا۔ لندن میں 1982ء میں جوناتھن بلیک نامی ایک شخص میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی تھی۔ پانچ اور سات جولائی کو As Is کی پرفارمنس کے بعد جوناتھن خود اس بارے میں کیے گئے سوالات کا جواب دے گا۔ اس کا کہنا ہے، ’’80 کے عشرے میں امریکا اور برطانیہ میں ایچ آئی وی کے بارے میں بہت ہی مایوس کُن نقطہ نگاہ پایا جاتا تھا۔ مطلق خوف و ہراس پایا جاتا تھا کہ اچھے بھلے بظاہر صحت مند نظر آنے والے ہم جنس پرست مرد اچانک انتہائی خراب حالت میں مرنے لگے‘‘۔ بلیک نے اپنے اندر ایچ آئی وی وائرس کی تشخیص کے بعد خود کُشی کی کوشش بھی کی تھی۔

Leben mit HIV in Bosnien
ایچ آئی وی کے شکار افراد کے ساتھ زندگی گزارنا آسان نہیں ہوتاتصویر: DW/A.Slavnic

جوناتھن بلیک کا کہنا ہے کہ برطانوی معاشرے میں ہم جنس پرست مردوں میں ایچ آئی وی کا غیر معمولی حد تک پھیلاؤ اس امر کا تقاضا کر رہا ہے کہ اسکولوں میں جنسی امور سے متعلق بہتر تعلیم پر توجہ دی جائے۔

طبی جریدے AIDS میں شائع ہونے والی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق یورپی ممالک میں جہاں ایڈز کے مریضوں کے خلاف تعصب بہت بڑھا ہوا ہے، اسمارٹ فونز پر ’سیکس ایپس‘ کی مقبولیت سے، ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کے خطرات بھی بہت بڑھ رہے ہیں۔