1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'ہم تو اپنوں سے ہی لڑ رہے تھے‘

بینش جاوید
26 نومبر 2019

آسٹریلیا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھارتی سکھ ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ کھانا کھانے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ کرکٹ کے مداحوں نے اس انداز کو خوب پسند کیا۔

https://p.dw.com/p/3TkWv
تصویر: Twitter/ESPNcricinfo

'ای ایس پی این کرک انفو‘ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر  آسٹریلیا کے دورے پر گئے پاکستانی کرکٹر نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، موسیٰ خان، یاسر شاہ اور عمران خان کی ایک بھارتی ٹیکسی ڈرائیور کے ساتھ تصویر شیئر کی گئی۔ یہ کھلاڑی اس ٹیکسی ڈرائیور کی گاڑی میں سوار تھے ، جب انہوں نے اسے اس کا معاوضہ دینا چاہا تو اس نے پیسے لینے سے انکار کر دیا۔ قصہ یہاں ختم نہیں ہوا۔ پاکستانی کھلاڑی اس ٹیکسی ڈرائیور کو اپنے ہمراہ ریسٹورنٹ لے گئے اور اس کے ساتھ کھانا کھایا۔

اس ٹویٹ کو بیس ہزار سے زائد افراد نے لائیک کیا اور اسے قریب چار ہزار مرتبہ ری ٹویٹ کیا گیا ہے۔ اس ٹویٹ کے جواب میں کئی پاکستانی اور بھارتی شہریوں نے ردعمل دیا۔ بھارت سے ایک ٹوئٹر صارف  نے کہا،'' اب اگر پاکستان اگلا میچ ہار گیا تو سردار جی پر انہیں زیادہ کھانا کھلائے جانے کا الزام لگایا جائے گا۔ مذاق اپنی جگہ یہ بہت ہی پیارا انداز تھا۔‘‘

پاکستانی شہری عاطف عثمان نےکہا،'' میں امید کرتا ہوں کہ ایک دن ہم پڑوسی امن اور بھائی چارے کے ساتھ رہ سکیں۔ پاکستانی کھلاڑیوں اور اس بھارتی ڈرائیور دونوں کو سلام۔‘‘

بھارت سے سلیل ملہوترا کا کہنا تھا،'' میں  2004  میں او ڈی آئی سیریز دیکھنے کے لیے پاکستان گیا تھا۔ مجھے ناقابل یقین میزبانی ملی۔ میں خوش ہوں کہ ایک بھارتی شہری نے وہ محبت واپس لوٹائی ہے۔ جب سب جنگیں اور سیاست ختم ہوجائے گی تو ہمیں احساس ہو گا کہ ہم تو اپنوں سے ہی لڑ رہے تھے۔‘‘

ایک اور بھارتی شہری  کا کہنا تھا،'' بھارت ہمیشہ پاکستانی کھلاڑیوں کو ان کی قابلیت کے باعث پسند کرتا ہے۔‘‘