1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گیتوں کا یورپی مقابلہ یورو وژن سویڈن نے جیت لیا

عاطف بلوچ24 مئی 2015

یورپ میں گیتوں کے سب سے بڑے مقابلے یورو وژن میں سویڈن کے گلوکار مانز سیمرلُو نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد روسی گلوکارہ پولینا گاگارینا اور تین اطالوی گلوگاروں کے گروپ اِل وُولو کو شکست دے کر یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

https://p.dw.com/p/1FVfm
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Stratenschulte

ہفتہ تئیس مئی کی رات آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں منعقد ہوئے Eurovision Song Contest یا ESC کے امسالہ مقابلے کے فائنل میں سویڈن کے مانز سیمرلُو کے گیت ’ہیروز‘ کو مجموعی طور پر چالیس ملکوں کے شائقین کی طرف سے 365 پوائنٹس ملے، جنہوں نے اس نوجوان گلوکار کو حقیقی معنوں میں ہیرو بنا دیا۔ روسی خاتون سنگر پولینا گاگارینا شائقین کی طرف سے 303 جبکہ اطالوی گروپ اِل وُولو کو 292 پوائنٹس ملے۔ جرمن گلوکارہ اَین سوفی اس سالانہ مقابلے کے فائنل میں ایک بھی پوائنٹ حاصل نہ کر سکیں اور یوں جرمنی اس مقابلے میں 27 ملکوں میں سے 26 ویں نمبر پر رہا۔ میزبان ملک آسٹریا کو بھی اس مقابلے میں کوئی پوائنٹ نہ ملا اور وہ 27 ویں نمبر پر رہا۔

ESC2015 میں، جو یورو وژن کا 60 واں ایڈیشن تھا، اپنی کامیابی کے بعد سویڈن کے سیمرلُو نے اپنے مداحوں اور شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین نہیں آ رہا کہ وہ یہ مقابلہ جیت گئے ہیں۔ انہوں نے اپنی ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ کامیابی ’ایک ٹیم ورک‘ کا نتیجہ ہے۔ وہ سویڈن کے ایسے چھٹے گلوکار بن گئے ہیں، جنہوں نے یہ یورپی مقابلہ جیتا ہے۔

Österreich Eurovision Song Contest 2015 Russland
روسی خاتون سنگر پولینا گاگارینا شائقین کی طرف سے 303 ووٹ ملے اور وہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیںتصویر: picture-alliance/GEORG HOCHMUTH/APA/picturedesk.com

اس مقابلے کے دوران ایک وقت پر لگتا تھا کہ شاید روسی گلوکارہ پولینا یہ مقابلہ جیت جائیں گی کیونکہ تب تک انہیں پوائنٹس کے حوالے سے سیمرلُو پر کافی سبقت حاصل تھی۔ تاہم جیسے جیسے 40 ملکوں میں عام شائقین کی طرف سے ملنے والے پوائنٹس کی بنیاد پر نتائج کا اعلاج کیا جاتا رہا، سویڈش سنگر کو ملنے والے پوائنٹ بھی مسلسل زیادہ ہوتے گئے اور 40 میں سے 39 ملکوں کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی یہ واضح ہو گیا تھا کہ امسالہ یورو وژن مقابلہ سویڈن نے جیت لیا ہے۔

اپنی فتح کے بعد ویانا میں ایک پریس کانفرنس میں اٹھائیس سالہ سیمرلُو نے کہا، ’’یہ ایک مکمل طور پر حیرت انگیز کیفیت ہے۔ مجھے یقین ہی نہیں آ رہا۔ مجھے حقیقی طور پر محسوس ہو رہا تھا کہ یہ فائنل اٹلی یا روس جیت جائے گا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’مجھے انتہائی خوشی اور فخر ہے کہ میں کامیاب رہا ہوں۔‘‘ سویڈن کے اس گلوکار کے گیت کا عنوان تھا، ’’اپنے عہد کے ہیرو ہم ہیں۔‘‘

اس سال کے یورو وژن میں ماضی کے مقابلے میں سب سے زیادہ سنگرز نے حصہ لیا۔ 60 ویں ایڈیشن کو یادگار بنانے کے لیے اس رنگا رنگ یورپی میوزک مقابلے میں مہمان ملک کے طور پر آسٹریلیا نے پہلی بار شرکت کی۔ 2015ء کے یورو وژن مقابلے میں کئی ابتدائی مراحل کے بعد کُل 27 ملک فائنل میں پہنچے تھے۔

Österreich Eurovision Song Contest 2015 Italien
اطالوی گروپ اِل وُولو 292 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہاتصویر: Getty Images/N. Treblin

جرمن گلوکارہ اَین سوفی اگرچہ اس فائنل میں بین الاقوامی شائقین کو متاثر نہ کر سکیں لیکن انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کارکردگی پر مطمئن ہیں، ’’میں میوزک کی دنیا میں سرگرم رہوں گی اور موسیقی ترتیب دیتی رہوں گی۔‘‘ سویڈن کی طرف سے اس مقابلے میں کامیاب ہونے کا مطلب ہے کہ سال 2016ء کے یورو وژن مقابلے کی میزبانی سویڈن کرے گا۔

ہر سال یورو وژن کا فائنل مقابلہ دنیا بھر میں قریب دو سو ملین افراد دیکھتے ہیں۔ گیتوں کے اس مقابلے کے منتظمین کے مطابق ہر سال شائقین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ رواں برس کا مقابلہ پہلی مرتبہ چینی نشریاتی اداروں نے بھی براہ راست نشر کیا۔ بتایا گیا ہے کہ یورو وژن کے منتظمین اس مقابلے کی مزید تشہیر کرتے ہوئے اسے دنیا کے دیگر علاقوں میں بھی متعارف کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔