1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گریٹا تھنبرگ اپنی ماحولیاتی ٹی وی سیریز کی سٹار بھی ہوں گی

12 فروری 2020

تحفظ ماحول کے لیے ’فرائیڈیز فار فیوچر‘ کے نام سے اسکولوں کے طلبا و طالبات کی تحریک شروع کرنے والی نوجوان سویڈش کارکن گریٹا تھنبرگ جلد ہی اپنی ایک ٹی وی سیریز بھی شروع کرنے والی ہیں۔ اس سیریز کی سٹار بھی وہی ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/3Xg74
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Kappeler

سترہ سالہ تھنبرگ ابھی تک اسکولوں کے نوجوان طلبا و طالبات کی عالمی احتجاجی تحریک بن جانے والی مہم 'فرائیڈیز فار فیوچر‘ کی قیادت کر رہی ہیں۔ وہ تحفظ ماحول کی کوششوں کے حوالے سے یورپی یونین اور اقوام متحدہ کے اجلاسوں سے خطاب بھی کر چکی ہیں۔

اب لیکن یہ سرگرم ٹین ایجر ماحولیاتی کارکن اپنی ایک ٹی وی سیریز بھی شروع کرنے والی ہیں۔ اس سیریز کی میزبان بھی وہ خود ہی ہوں گی اور اس ٹی وی پروگرام میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے جڑے مسائل اور معاملات کو موضوع بنایا جایا کرے گا۔

یہ ٹی وی سیریز دستاویزی فلم کی طرح کی ہو گی، جس میں گریٹا تھنبرگ سرکردہ سائنسدانوں، سیاستدانوں اور کاروباری شخصیات کے ساتھ ملاقاتوں میں تحفظ ماحول سے متعلق امور پر بات چیت کیا کریں گی۔

UN-Klimagipfel New York | Angela Merkel & Greta Thunberg
گریٹا تھنبرگ نے گزشتہ برس نومبر میں نیو یارک میں وفاقی جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے بھی ملاقات کی تھیتصویر: Reuters/Steffen Seibert/Bundesregierung

اس ٹی وی شو کے ذریعے تھنبرگ پروگرام کے ناظرین کے لیے یہ وضاحت کرنے کی کوشش بھی کریں گی کہ سائنسدانوں نے عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو زیادہ سے زیادہ 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی ضرورت پر جو اتفاق کیا ہے، اس کی وجوہات کیا ہیں اور ایسا کرنے سے زمین پر وسیع تر ماحولیاتی تباہی سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔

یہ سیریز برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے سائنس اسٹوڈیوز کی طرف سے تیار کی جائے گی۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ سیریز کتنے حصوں پر مشتمل ہو گی اور کب سے نشر کی جائے گی۔

کیٹ مارٹر (م م / ع ا)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید