1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گرمی بڑھنے کی وجہ شہروں کا مسلسل پھیلاؤ ہے

عابد حسین22 جولائی 2015

پوپ فرانسِس گلوبل وارمنگ اور کلائمیٹ چینج کے موضوعات کو اپنی تقاریر اور پیغامات میں خاص اہمیت دیتے ہیں۔ اِس مسئلے پر دنیا کے کئی ملکوں کے میئر ویٹیکن میں جاری ایک دو روزہ کانفرنس میں شریک ہیں۔

https://p.dw.com/p/1G2Z5
پوپ فرانسِس میئروں کی کانفرس سے خطاب کرتے ہوئےتصویر: picture-alliance/AP Photo/G. Borgia

دنیا کے کئی شہروں سے آئے ہوئے ان میئروں نے اِس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی ذمہ داری اس زمین پر بسنے والے انسانوں پر عائد ہوتی ہے۔ کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ اخلاقی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے کلائمیٹ چینج کے لیے مثبت اقدامات تجویز کیے جانے چاہییں۔

ویٹیکن اجلاس کا مقصد عالمی رہنماؤں پر زور ڈالنا ہے کہ وہ اس سال کے آخر میں تحفظ ماحول کی پیرس میں ہونے والی عالمی سمٹ میں بہر صورت کسی نتیجے پر متفق ہو سکیں۔ پوپ فرانسِس نے چند ہفتے قبل ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں اپنے ایک خصوصی پیغام میں زمین سے حاصل ہونے والے ایندھن پر تکیہ کرنے والی عالمی اقتصادیات کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ زمین کی تباہی اور غریبوں کے استحصال کا باعث بن رہی ہے۔

تحفظ ماحول کے موضوع پر ویٹیکن میں پوپ فرانسس کی دعوت پر ساٹھ مختلف شہروں کے میئرز جس دو روزہ کانفرنس میں شریک ہیں، اُس کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ پاپائے روم کے جاری کردہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیغام کی زیادہ تشہیر کے ساتھ ساتھ عوامی سطح پر کلائمیٹ چینج اور گلوبل وارمنگ کے بارے میں شعور پیدا کیا جا سکے۔ اس کانفرنس کے مختلف سیشنوں میں تحفظ ماحول کے علاوہ انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

Frankreich Fahrdienstanbieter UberPop
ماہرین برسوں سے کہہ رہے ہیں کہ شہر زمین کے گرم ہوتے ماحول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa/I. Langsdon

گلوبل وارمنگ کے ماہرین برسوں سے کہہ رہے ہیں کہ شہر زمین کے گرم ہوتے ماحول میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور زمینی درجہٴ حرارت میں مسلسل اضافے کی وجہ شہروں کا پھیلاؤ ہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ضرر رساں گیسوں اور ماحولیاتی آلُودگی کا باعث بننے والے دھوئیں کا تین چوتھائی اخراج شہروں سے ہوتا ہے۔

منگل کے روز سے شروع ہونے والی اِس کانفرنس میں ہر میئر نے اپیل کی کہ زمین کے ماحول کو آلُودگی سے محفوظ رکھنا اشد ضروری ہے لہٰذا ماحول دوست ٹیکنالوجی اور متبادل توانائی کی دریافت اور حصول اہم ہے۔ اپنے خطاب میں پوپ فرانسِس نے میئروں کو انسانیت کے ضمیر سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں تاکہ پیرس کانفرنس سے زمینی ماحول کو محفوظ بنانے کے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

کانفرنس میں شریک امریکی شہر نیویارک کے میئر بِل ڈی بلاسیو کا کہنا تھا کہ نیویارک شہر سن 2030 تک سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں 40 فیصد تک کمی لائے گا۔ امریکی شہر سان فرانسسکو کے میئر ایڈون لی نے اعلان کیا کہ رواں برس کے اختتام تک شہری بلدیہ کی تمام بسوں اور ٹرکوں کے لیے پٹرول یا ڈیزل کا استعمال ترک کر کے متبادل انرجی متعارف کروائی جائے گی۔