1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈا میں شوٹنگ: ایک خاتون ہلاک، تیرہ زخمی

23 جولائی 2018

کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں اتوار کی رات ہوئی شوٹنگ کے ایک واقعے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ تیرہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/31tsa
Kanada Toronto Massenschießerei
تصویر: Reuters/C. Helgren

کینیڈا کی پولیس نے پیر کے دن بتایا ہے کہ اتوار کی رات ٹورانٹو میں شوٹنگ کے ایک واقعے کے نتیجے میں ایک نوجوان خاتون ہلاک جبکہ دیگر پندرہ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ٹورانٹو کی پولیس کی طرف سے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا کہ اس شوٹنگ میں ایک خاتون شدید زخمی بھی ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ اس پرتشدد کارروائی کے محرکات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حقائق جاننے کی خاطر چھان بین کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ کینیڈا کے سب سے بڑے شہر ٹورانٹو کے اس مشرقی علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے، جہاں کئی مقبول ریستوان بھی واقع ہیں۔ پولیس نے کہا ہے کہ اس واقعے کی تفتیش کے دوران تمام پہلوؤں کو سامنے رکھا جا رہا ہے۔

ٹورانٹو پولیس کے چیف مارک سینڈرز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا، ’’تمام پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے اور تفتیش کے دوران اس حملے کے محرکات کے لیے کوئی آپشن بھی مسترد نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ اس شوٹنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان لڑکی کی حالت تشویشناک ہے۔

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق شوٹنگ کا یہ واقعہ رات دو بجے رونما ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ مجموعی طور پر پچیس فائر کیے گئے۔ یاد رہے کہ رواں سال کے دوران ٹورانٹو میں رونما ہونے والے پرتشدد واقعات میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق اس شہر میں گزشتہ برس کے مقابلے میں رواں برس ایسے واقعات میں دو گنا اضافہ ہوا ہے۔

سن دو ہزارسترہ کے مقابلے میں سن دو ہزار اٹھارہ میں شوٹنگ کے واقعات میں تیرہ فیصد اضافہ نوٹ کیا گیا ہے جبکہ پرتشدد واقعات چھبیس فیصد سے بڑھ کر 53 فیصد ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ جولائی کے ماہ سے ٹورانٹو میں دو سو پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ حکام کے مطابق اس شہر میں پرتشدد واقعات کی وجہ منظم گروہوں کی کارروائیاں ہیں۔