1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیلی فورنیا: اٹھارہ سال پہلے اغوا کی گئی لڑکی بازیاب

28 اگست 2009

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں اٹھارہ سال پہلے اغوا کی گئی ایک لڑکی کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ اس لڑکی کو مبینہ طور پر فلپ گیریڈو نامی اغوا کار نے دس جون 1991ء سے یرغمال بنا کر الگ تھلگ ایک خفیہ مقام پر رکھا ہوا تھا۔

https://p.dw.com/p/JKjk
جیسی لی ڈوگارڈ نامی اس لڑکی کو گیارہ سال کی عمر میں اغوا کیا گیا تھاتصویر: picture alliance / landov

جیسی لی ڈوگارڈ نامی اس لڑکی کو گیارہ سال کی عمر میں سان فرانسسکو کے مشرق میں ساؤتھ لیک تاہوئے کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا۔ ڈوگارڈ کی عمر اب 29 سال ہے اور فلیپ گیریڈو نامی اغوا کار سے اُس کی دو بچیاں بھی ہیں۔

کیلی فورنیا کے پولیس حکام کے مطابق 58 سا لہ فلپ گیریڈو نے ڈوگارڈ کو اُس وقت اغوا کیا تھا، جب وہ اپنے گھر سے بس اسٹاپ کی طرف جا رہی تھی۔ گیریڈو ایک عادی مجرم ہے، جس کو 1971ء میں امریکی ریاست نوادا میں ایک عورت کے اغوا اور اس کے ساتھ جنسی اور جسمانی زیادتی کرنے پر سزا بھی مل چکی ہے۔ ڈوگارڈ کو گیریڈو کے گھر کے باغیچے میں بنے ایک اور خفیہ باغیچے سے اپنی 11 اور 15 سالہ دو بچیوں سمیت بازیاب کرایا گیا۔

Entführte nach 18 Jahren in Kalifornien wieder aufgetaucht Flash-Galerie
جیسی لی ڈوگارڈ کا وہ مکان جس کے قریب میں واقع بس اسٹاپ سے اُسے اغوا کیا گیاتصویر: AP

ڈوگارڈ کی بازیابی اُس وقت ممکن ہو پائی، جب گیریڈو مذکورہ بچیوں کے ساتھ کیلی فورنیا یونیورسٹی کے برکلے کیمپس پہنچا اور وہاں اُس نے نوجوان طالبات کو مذہبی پیمفلٹ بانٹے۔ اُس کی عجیب و غریب حرکات و سکنات سے وہاں موجود ایک پولیس اہلکار کو اُس پر شک پڑا اور اُس نے گیریڈو کی زندگی کے بارے میں پوچھ گچھ شروع کر دی۔

جب ایک پولیس افسرگیریڈو سے ملنے اس کے گھر گیا تو وہاں اُس کی ملاقات گیریڈو کی 54 سالہ بیوی نینسی گیریڈو اور دونوں بچیوں کے ساتھ ساتھ ایک 29 سالہ لڑکی سے بھی کروائی گئی، جس نے اپنا نام ’’الیسا‘‘ بتایا مگر وہ پولیس اہلکار مطمئن نہیں ہوا۔

Carl Probyn Vater der vor 18 Jahren entführten Jaycee Lee Dugard
ڈوگارڈ کے سوتیلے والد اُس کی بچپن کی تصویر دکھاتے ہوئےتصویر: AP

اس کارروائی کے کچھ دن بعد ایک اور آفیسر گیریڈو پر نظر رکھنے کی غرض سے اس کے گھر گیا، جہاں ڈوگارڈ اور اس کی دونوں بچیاں ایک خفیہ باغیچے میں لگے ٹینٹ میں پائی گئیں۔ ڈوگارڈ نے اپنی دونوں بیٹیوں کو اسی جگہ جنم دیا اور اب تک یہیں ان تینوں کی زندگی کے قیمتی سال گزرے۔

امریکہ بھر میں ڈوگارڈ کی بازیابی کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی۔ ڈوگارڈ کے والدین مطابق اُن کی بیٹی کے زندہ ہونے کی خبر ملنے کے بعد اُن کی آنکھوں میں آنسو تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہے تھے۔

دوسری طرف کیلی فورنیا کے پولیس حکام نے اغوا کار گیریڈو اور اسکی بیوی کو گرفتار کرکے اِن دونوں کے خلاف ڈوگارڈ کو اغوا کرکے جنسی تشدد اور حبس بے جا میں رکھنے کے الزام میں مقدمہ قائم کرلیا ہے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: امجد علی