1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا کم اِصراف اور بہتر معیشت ایک ساتھ ممکن ہے؟

3 ستمبر 2018

ماحول دوست کہتے ہیں کہ انسان کی جانب سے مصنوعات کا بے تحاشا استعمال ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ بن رہا ہے، مگر یہی اِصراف اقتصادی نمو کے لیے درکار قوت بھی ہے۔ کیا یہ دونوں عناصر میں کوئی ہم آہنگی ممکن ہے؟

https://p.dw.com/p/34DLq
Kolumbien Grenze zu Venezuela Einkauf von Venezuelanern
تصویر: picture-alliance/EFE/S. Mendoza

ہم مختلف مصنوعات کا جتنا زیادہ استعمال کرتے ہیں، ہمارے سیارے کو اتنا ہی نقصان بھی پہنچتا ہے۔ مٹی سے اہم اجزاء نکال لی جاتی ہیں، جنگلات کٹتے جاتے ہیں اور معدنیات زمین سے نکال لیے جاتے ہیں۔ جو وسائل ہم استعمال کرتے ہیں وہ کیمیائی فضلے کے صورت میں پھر زمین کو سونپ دیا جاتا ہے اور کچرے کے پہاڑ بننے کے ساتھ ساتھ اس عمل میں ضرر رساں گیسوں کا زبردست اخراج ہوتا ہے، جو اس سیارے کو ماحولیاتی تباہی کی جانب لے جا رہا ہے۔

سمارٹ فون کرہٴ ارض کے لیے اتنے بھی سمارٹ نہیں

’دنیا گندگی کا ڈھیر بنتی جا رہی ہے‘، پوپ کا انتباہ

مگر ساتھ ہی ہم میں سے بہت سے افراد ہیں، جو زندگی کے لیے نہایت بنیادی چیزوں ہی کی عدم دستیابی کا شکار ہیں، یعنی صاف ہوا اور خوراک۔

پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق اقوام متحدہ کی رپورٹ برائے 2018 کے مطابق دنیا بھر میں شہروں میں رہنے والے ہر دس میں سے نو افراد آلودہ ہوا میں سانس لینے پر مجبور ہیں جب کہ سن 2015 کے مقابلے میں 2016ء میں انتہائی غریب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق سن 2015ء میں انتہائی غریب افراد کی تعداد 777 ملین تھی، جب کہ 2016ء میں یہ تعداد بڑھ کر 815 ملین ہو گئی۔ اس رپورٹ میں اس خراب صورت حال کی بنیادی وجہ موسمیاتی تبدیلیوں سے جڑے تنازعات اور خشک سالی کو قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین کا تاہم کہنا ہے کہ معیشت میں ترقی اور نمو کو جی ڈی پی سے جوڑا جاتا ہے، تاہم معاشی نمو کا یہ درست پیمانہ نہیں، کیوں کہ اس میں مصنوعات کے اِصراف کو بنیادی اہمیت حاصل رہتی ہے۔  یونیورسٹی آف بارسلونا سے تعلق رکھنے والے پروفیسر برائے ماحولیاتی سائنس اور ٹیکنالوجی فیدریکو ڈیماریا کے مطابق، ’’اب جی ڈی پی کے بہ طور پیمانہ استعمال اور اس کی افادیت پر سوالات ہر جانب سے سامنے آ رہے ہیں۔‘‘

عالمی رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ عالمی اقتصادیات کے شعبے میں وسیع تر اصلاحات کی ضرورت ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی نمو کو وسائل کے استعمال کے ساتھ نتھی کرنا، انسانیت کو درپیش سب سے بڑے مسائل میں سے ایک ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ اقتصادیات کے شعبے میں اس نوعیت کی اصلاحات متعارف کروانے کی ضرورت ہے جن کے تحت مصنوعات کے استعمال کی بجائے ان کے دوبارہ استعمال اور ری سائیکلنگ کے نظام کو بروئے کار لایا جائے۔ اس کے علاوہ ایسی راہ اپنائی جائے جس کے تحت توانائی کی کھپت میں کمی واقع ہو۔

شے مانیکے، روبی رسل، ع ت، الف ب الف