1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کیا مودی کی ایم اے کی ڈگری اصلی اور بی اے کی جعلی ہے؟

بینش جاوید6 مئی 2016

بھارت کی سیاسی جماعت ’عام آدمی پارٹی‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی وزیراعظم نریندر مودی کے پاس بی اے کی جعلی ڈگری ہے۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث و مباحثہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/1Ij9k
Indischer Premier Minister Narendra Modi in Brüssel für EU-Indien Gipfel
تصویر: UNI

بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی کے وزیراعلٰی اروند کیجریوال نے دہلی یونیورسٹی کو ایک خط میں لکھا ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کی بی اے کی ڈگری کو اپنی ویب سائٹ پر شائع کریں۔ اروند کیجریوال کی سیاسی جماعت ’عام آدمی پارٹی‘ کا موقف ہے کہ بھارت کے وزیراعظم نے کبھی دہلی یونیورسٹی سے بی اے کا امتحان پاس ہی نہیں کیا اور نہ ان کے پاس وہاں کی ڈگری ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے وزیراعظم کے دفتر نے ابھی تک اس سیاسی جماعت کے الزامات کا جواب نہیں دیا۔

اس حوالے سے بھارت میں سوشل میڈیا پر دلچسپ بحث کی جارہی ہے۔ ٹوئٹر کے کچھ صارفین اپنی ڈگریوں کی تصاویر شیئر کر رہے ہیں اور بھارت کے وزیراعظم کو بھی ایسا ہی کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کچھ ایسے افراد بھی ہیں جو کہہ رہے ہیں کہ انہیں ڈگری کے نام پر کی جانے والی سیاست سے غرض نہیں بلکہ ان کے مسائل تو پانی، بجلی اور دیگر سہولیات کا فقدان ہے۔

نریندر مودی نے سن 2014 کے انتخابات سے قبل کہا تھا کہ انہوں نے سن 1978 میں دہلی یونیورسٹی سے بی اے اور سن 1983 میں گجرات یونیورسٹی سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی تھی۔ اروند کیجریوال کی درخواست پر گجرات یونیورسٹی نے یہ معلومات عام کر دی ہیں کہ نریندر مودی نے یہاں سے ایم اے کی ڈگری حاصل کی ہے تاہم دہلی یونیورسٹی اب تک بھارت کے وزیراعظم کی بے اے کی ڈگری کے بارے میں خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔