1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کيلی کرافٹ اقوام متحدہ کے ليے امريکی سفير نامزد

23 فروری 2019

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قريب چار ماہ سے جاری تلاش کے بعد کيلی کرافٹ کو اقوام متحدہ کے ليے آئندہ امريکی سفير کے طور پر نامزد کر ديا ہے۔ کرافٹ کی امريکی سفير کے طور پر باقاعدہ تعيناتی کے ليے سينيٹ سے توثيق لازمی ہے۔

https://p.dw.com/p/3Dxj1
US-Präsident Donald Trump nominiert Kelly Knight Craft als UN-Botschafterin
تصویر: picture-alliance/dpa/AP Photo/The Canadian Press/A. Wyld

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تصديق کر دی ہے کہ اس وقت کينيڈا ميں امريکی سفير کے طور پر کام کرنے والی کيلی کرافٹ، جلد ہی اقوام متحدہ کے ليے نئے ملکی سفير کی ذمہ داری سنبھال سکتی ہيں۔ کرافٹ کی باقاعدہ تقرری سے قبل سينيٹ سے توثيق لازمی ہے۔ ان کی نامزدگی کی تصديق صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنی ٹوئيٹس کے ذريعے کی۔ صدر نے ايک ٹوئيٹ ميں لکھا، ’’کرافٹ نے عمدہ طريقے سے ہمارے ملک کی نمائندگی کی ہے اور مجھے کوئی شک نہيں کہ ان کی قيادت ميں اعلیٰ ترين سطح پر ملک کی نمائندگی ہو گی۔ ان کو اور ان کے اہل خانہ کو اس نامزدگی پر مبارک باد۔‘‘

کيلی کرافٹ، کوئلے کی کان کنی کے کاروبار سے منسلک ارب پتی شخصيت جو کرافٹ کی شريک حيات ہيں۔ دونوں ہی ری پبلکن جماعت کو کھل کر چندہ دينے والوں ميں شامل ہيں۔ کيلی کرافٹ ذرائع ابلاغ کی خاصی توجہ کا مرکز اس وقت بنيں، جب کينيڈا کے ليے امريکی سفير کی نامزدگی کے موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ موسمياتی تبديليوں کے موضوع پر مخالف موقف پر يقين رکھتی ہيں۔ کرافٹ نے يہ بيان کينيڈيئن براڈکاسٹنگ کارپوريشن سے بات چيت کے دوران سن 2017 ميں ديا تھا۔

يہ امر اہم ہے کہ کرافٹ کی اقوام متحدہ ميں امريکی سفير کے طور پر باقاعدہ تعيناتی کے ليے سينيٹ سے توثيق لازمی ہے۔ سينيٹ کی جانب سے منظوری کی ممکنہ صورت ميں کيلی کرافٹ يہ عہدہ تو سنبھال ليں گی البتہ انہيں کابينہ کے ارکان والی مراعات نہيں مليں گی کيونکہ صدر ٹرمپ اس پوزيشن کے ليے کابينہ کے ارکان کو دی جانے والی مراعات ختم کر چکے ہيں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق نامزدگی سے قبل جمعے کو کرافٹ نے اوول آفس ميں صدر ٹرمپ کے علاوہ وزير خارجہ مائيک پومپيو اور قومی سلامتی کے مشير جان بولٹن سے ملاقاتيں کيں۔ مائيک پومپيو نے بعد ازاں اقوام متحدہ ميں سفير کی پوزيشن کے ليے کرافٹ کی صلاحيت کو قابليت کو سراہا۔

يہاں يہ امر بھی اہم ہے کہ اقوام متحدہ ميں امريکی سفير کی پوزيشن کے ليے کرافٹ صدر ٹرمپ کی پہلی ترجيح نہ تھيں۔ قبل ازيں وہ محکمہ خارجہ کی ترجمان ہيدر نوئرٹ کو يہ ذمہ داری سونپنا چاہتے تھے تاہم نوئرٹ ذاتی وجوہات کی بناء پر رضاکارانہ طور پر اس دوڑ سے دستبردار ہو گئيں۔ پھر ٹرمپ نے جرمنی ميں تعينات امريکی سفير رچرڈ گرينل اور ان کے علاوہ جان جيمز کے بارے ميں بھی سوچا۔

کيلی کرافٹ کی اگر اقوام متحدہ ميں امريکی سفير کے طور پر تعيناتی ہو جاتی ہے، تو انہيں بہت سے چيلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا، جن ميں يورپی يونين کے ساتھ روابط کو بہتر بنانا اور مشرق وسطی ميں ايران کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ سے نمٹنا سب سے نماياں ہيں۔

ع س / ع آ، نيوز ايجنسياں