کيا فلميں دنيا کو بچا سکيں گی؟
ان دنوں ہالينڈ کے شہر ايمسرڈيم ميں دستاويزی فلموں کا دنيا کا سب سے بڑا ميلہ سجا ہوا ہے۔ اس بار فلم فيسٹیول کا حصہ بننے والی کئی فلميں موسمياتی تبديليوں اور اقتصادی بحران جيسے بڑے عالمی مسائل پر ہيں۔
’دا فورم‘
يہ ہدايت کار مارکس ويٹر کی فلم ’دا فورم‘ کا ايک منظر ہے۔ دائيں جانب کينيڈا کے وزير اعظم جسٹن ٹروڈو اور بائيں طرف ڈيوس ميں ورلڈ اکنامک فورم کے بانی کلاؤس شواب دکھائی دے رہے ہيں۔ فيسٹیول ميں شامل يہ دستاويزی فلم ان فلموں کی فہرست ميں نماياں ہے، جن کے موضوعات گلوبلائزيشن، موسمياتی تبديليوں اور عالمی اقتصادی بحران جيسے بڑے عالمی مسائل ہيں۔
سن 2040 ميں کيا ہوگا؟
آسٹريلوی ڈائريکٹر ڈيمن گاميو کی فلم ‘2040’ ميں دنيا کی موجودہ صورت حال اور اس کی بنياد پر سن 2040 ميں ممکنہ صورت حال کی جھلک دکھائی گئی ہے۔ اپنی فلم ميں گاميو اس نتيجے پر پہنچتے ہيں کہ دنيا کو درپيش تمام تر بحرانوں کے باوجود، اميد ختم نہيں ہوئی ہے۔ فلم يہ پيغام ديتی ہے کہ لوگوں کو موسمياتی تبديليوں سے نمٹنے، زراعت اور توانائی کے حصول کے ليے موجودہ خيالات کو تخليقی شکل دینی چاہيے۔
بڑوں کی بچوں کی طرف ذمہ داری
ڈيمن گاميو کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی دستاويزی فلم ‘2040’ اپنی بيٹی سے متاثر ہو کر بنائی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آج کی دنيا ميں بالغ افراد کی کچھ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے بچوں يا آئندہ نسل کے ليے بھی کچھ سوچيں۔ گاميو کے بقول انہيں اسی دنيا ميں وقت گزارنا پڑے گا، جو انہيں آج کے بالغوں سے ملتی ہے۔ ان کی فلم دکھاتی ہے کہ سن 2040 ميں دنيا کيسی ہو گی۔
’ليکن خوب صورت‘
ہدايت کار ارون واگن ہوفر بھی اپنی فلم ميں موجودہ دنيا پر نگاہ ڈالتے ہيں۔ ان کا شمار بھی ان چند ايک فلم سازوں ميں ہوتا ہے، جو پر اميد ہيں کہ سب کچھ ٹھيک ہو جائے گا۔ واگن ہوفر نے اپنی فلم ’ليکن خوب صورت‘ ميں ان لوگوں پر توجہ دی ہے، جو مثبت سوچ کے حامل ہیں اور عملی طور پر کچھ کر رہے ہيں۔
’جینیاتی تحقیق اور انسانی فطرت‘
ڈائريکٹر ايڈم بولٹ کی يہ فلم جينياتی ريسرچ سے لاحق خطرات پر نظر ڈالتی ہے۔ فلم ميں يہ بھی دکھايا گيا ہے کہ کس طرح اسی ريسرچ کی بدولت کئی قسم کے خطرناک امراض کا علاج ممکن ہے۔ فلم ميں جن ماہرين کی رائے لی گئی ہے، ان کا کہنا ہے کہ جينياتی ريسرچ ميں کوئی بڑی پيش رفت ڈيجيٹل انقلاب سے بھی بڑی پيش رفت ثابت ہو گی۔
’بيمبو اسٹوريز‘
اس فلم ميں فلمساز شاہين دل رياض نے بنگلہ ديش ميں کشتياں چلانے والوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ان کی زندگياں کيسی ہوتی ہيں؟ روز مرہ کی مصروفيات کيا ہيں؟ ممکن ہے کہ چھوٹی چھوٹی کہانيوں ميں ہميں بڑے بڑے مسائل کا حل دکھائی دے۔
’اکيسويں صدی ميں سرمايہ‘
ماحول، موسمی حالات اور اقتصاديات کو ايک دوسرے سے جدا نہيں کيا جا سکتا۔ اس بار ’انٹرنيشنل ڈاکومينٹری فلم فيسٹیول ايمسٹرڈيم‘ ميں سب سے زيادہ فلميں اسی موضوع پر ہيں۔ ’اکيسويں صدی ميں سرمايہ‘ نامی فلم ميں پچھلے چار سو برس کی معاشی تاريخ پر نظر ڈالی گئی ہے۔ فلم کے ہدايتکار نيوزی لينڈ کے جسٹن پيمبرٹن ہيں۔
دستاويزی فلميں، دنيا کو سمجھنے ميں مددگار
’انٹرنيشنل ڈاکومينٹری فلم فيسٹول ايمسٹرڈيم‘ بيس نومبر سے يکم دسمبر تک جاری ہے۔ اس دوران تين سو فلموں کی نمائش ہو گی اور تقريباً تين ہزار مہمانوں کی شرکت متوقع ہے۔ ہالينڈ کے شہر ايمسٹرڈيم ميں جاری يہ دستاويزی فلموں کا دنيا کا سب سے بڑا ميلہ ہے۔