1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کویت میں قائم امریکی فوجی اڈے پر مبینہ حملوں کی سازش پکڑی گئی

12 اگست 2009

کویتی حکام نے کہا ہے کہ ریاستی سیکیورٹی اداروں نے ملک میں قائم امریکی فوجی اڈے پر دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا ہے۔ کویتی وزارت داخلہ کے مطابق اس منصوبے میں ملوث چھ کویتی باشندوں کو گرفتار کر لیا گیا

https://p.dw.com/p/J7zO
تصویر: AP
Bush zu Besuch
سابق امریکی صدر جارج بش نے گزشتہ سال کیمپ عارفجان کا دورہ کیا تھاتصویر: AP

مبینہ طور پر ان افراد کا تعلق دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے بتایا گیا ہے۔ وزرات داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ افراد امریکی فوجی اڈے عرفجان کیمپ، سرکاری عمارتوں اور دیگر اہم تنصیبات پر بم حملے کرنے کا منصوبہ رکھتے تھے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان افراد نے گرفتاری کے بعد اقبال جرم کر لیا ہے۔

دوسری طرف واشنگٹن میں محکمہ دفاع کے ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ کویت میں تعینات امریکی فوجیوں پر حملے کی سازش کی گئی۔ تاہم بیان میں کہا گیا کہ یہ واضح نہیں کہ گرفتار کئے گئے افراد کا تعلق القاعدہ سے ہے یا نہیں اور مزید یہ کہ کیا یہ دہشت گرد واقعتا عرفجان کیمپ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے یا نہیں۔

تیل سے مالا مال خلیجی ملک کویت میں اس وقت تقریبا پندرہ ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں۔ عراق میں امریکی فوجی کمک کی ترسیل کےساتھ ساتھ وہاں امریکی فوجیوں کی آمد و رفت کے لئے کویت کا عرفجان کمپ ایک اہم اڈہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ کیمپ کویتی دارالحکومت سے تقریبا ستر کلو میٹر دور سعودی عرب کی سرحد کے قریب ایک صحرا میں واقع ہے۔ 2003 ء میں امریکی افواج نے اسی کیمپ کو اڈہ بناتے ہوئےعراق پر فضائی حملے شروع کئے تھے۔

Die Kuwait Towers dienen der Stadt Kuwait
کویت کی کل آبادی 1.1 ملین پر مشتمل ہے اور 2.35 ملین غیرملکی وہاں آباد ہیںتصویر: picture-alliance / dpa

دریں اثناء عرب ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ یہ دہشت گردانہ حملے مسلمانوں کے مقدس مہینے رمضان میں کئے جانے تھے۔ مشتبہ دہشت گردوں کی گرفتاری کے بعد امریکی محکمہ دفاع کے پریس سیکریٹری Georff Morell نے کویتی حکومت اور ریاستی سیکیورٹی ایجنسیوں کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مباکباد دی ہے ۔

دہشت گردی کے اس تازہ ترین منصوبے کے انکشاف سے قبل حال ہی میں اپنے دورہ امریکہ کے دوران کویت کے امیر شیخ صباح الاحمد الصباح نے امریکی صدر باراک اوباما سے ملاقات کی تھی۔ کویت تیل پیدا کرنے والا ایک اہم ملک ہے جہاں یومیہ تقریبا 2.2 ملین بیرل خام تیل پیدا ہوتا ہے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: ندیم گل