1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا ويکسين کسے، کون سی، کس قيمت پر اور کب ملے گی؟

عاصم سلیم
8 دسمبر 2020

اب جبکہ کورونا سے بچاؤ کے ليے کئی ويکسينز کی خبريں گردش کر رہی ہيں، بہت سے لوگ ويکسين کے موثر ہونے، اس کی دستيابی، فراہمی کے وقت اور ديگر کئی معاملات کی وجہ سے بے يقينی کا شکار بھی ہيں۔

https://p.dw.com/p/3mKqi
Russland | Coronavirus: Impfstoff
تصویر: Vitaly Nevar/TASS/dpa/picture alliance

اس آرٹيکل ميں کورونا ويکسين کے حوالے سے اہم ترين اور مستند معلومات اکھٹی کی گئی ہيں۔ تازہ ترين پيش رفت يہ ہے کہ اب تک برطانيہ دنيا کا پہلا مغربی ملک ہے، جس نے کورونا سے بچاؤ کے ليے ايک ويکسين کی باقاعدہ طور پر منظوری دے دی ہے۔ اس سے قبل روس داخلی سطح پر تيار کردہ ويکسين منظور کر چکا ہے۔

ويکسين کی فراہمی کہاں کہاں جاری ہے؟

روس نے گزشتہ ہفتے کے دن سے ماسکو کے چند علاقوں ميں ويکسين کی مہم شروع کر رکھی ہے۔ روسی ساختہ 'اسپٹنک فائیو‘ نامی ويکسين عام عوام کو دی جا رہی ہے گو کہ اس کی وسيع پيمانے پر آزمائش ابھی باقی ہے۔ روسی ريگوليٹری باڈی نے ويکسين کی منظوری چند ماہ قبل دے دی تھی۔

مغربی ممالک ميں برطانيہ نے پچھلے ہفتے ايک ويکسين کی منظوری دی۔ منگل آٹھ دسمبر سے عام عوام کو ويکسين دی جا رہی ہے اور اس عمل کی شروعات ہيلتھ سيکرٹری ميٹ ہينکوک سے ہو گی جنہوں نے عوام کے شکوک وشبہات دور کرنے کے ليے ٹيلی وژن پر براہ راست ويکسين لينے کا کہہ رکھا ہے۔ برطانيہ نے مجموعی طور پر چاليس ملين خوراکوں کا آرڈر دے رکھا ہے۔

اس کے علاوہ فی الحال دنيا کے کسی بھی ملک ميں ويکسين عام عوام کو فراہم نہيں کی جا رہی گو کہ کئی ممالک ميں آزمائش جاری ہے۔

بيشتر مغربی ممالک ميں ويکسين کی فراہمی کے ليے انتظامی امور پر دھيان ديا جا رہا ہے۔ مثال کے طور پر جرمنی خصوصی ہالز وغيرہ کو اس بہت بڑے انتظامی چيلنج کے ليے تيار کيا جا رہا ہے۔ بيشتر ممالک توقع کر رہے ہيں کہ اسی ماہ کے اوآخر يا جنوری کے اوائل تک ويکسين کی فراہمی شروع ہو جائے گی۔

Data visualization - COVID-19 vaccine tracker - Duration - Update 2.12.2020

کون کون سے ويکسين کس کس مرحلے ميں ہيں؟

جرمن دوا ساز کمپنی بائیو این ٹيک اور امريکی ادارے فائزر کی ويکسين اب تک سب سے آگے ہے۔ حتمی نتائج اور آزمائش کے بعد ويکسين کو تقريباً پچيانوے فيصد موثر قرار ديا گيا تھا۔ برطانيہ ميں ابتدائی طور پر اسی ويکسين کو منظور کيا گيا جبکہ امريکا اور يورپی يونين ميں اس ويکسين کی منظوری دسمبر کے وسط تک ممکن ہے۔

امريکی کمپنی موڈرنا کی ويکسين کی منظوری بھی آئندہ چند ايام ميں متوقع ہے۔ آزمائش کے بعد اس ويکسين کو بھی تقريباً چورانوے فيصد موثر قرار ديا گيا ہے۔ برطانيہ اور امريکا ميں ريگوليٹری اٹھارٹياں اس ويکسين کا معائنہ کر رہی ہيں۔

اس کے علاوہ ايسٹرا زينيکا اور آکسفورڈ يونيورسٹی کے اشتراک سے بننے والی ويکسين بھی عنقريب منظوری کے ليے متعلقہ اتھارٹيوں سے رابطہ کرے گی۔ چين ميں دو ويکسين سينووک اور سينو فرام کی ہنگامی صورتحال ميں استعمال کی منظوری رواں سال جولائی ميں دے دی تھی۔

علاوہ ازيں دنيا کے کئی ممالک اور خطوں ميں کورونا سے بچاؤ کے ليے اب بھی کئی ويکسينز زير آزمائش ہيں۔ روس ميں اسپٹنک فائیو کے علاوہ کم از کم ايک اور ويکسين حتمی مراحل ميں ہے۔

درحقیقت کورونا وائرس دکھتا کیسا ہے؟

ويکسين کی قيمت کيا ہو گی؟

رواں سال اگست ميں موڈرنا نے اعلان کيا تھا کہ اس کی ويکسين کی فی خوراک قيمت بتيس سے سينتيس ڈالر کے درميان ہو گی۔ بائیو این ٹيک کی ويکسين کی فی خوراک قيمت لگ بھگ بيس ڈالر ہو گی جبکہ ايسٹرا زينيکا اور آکسفورڈ يونيورسٹی کے اشتراک سے بننے والی ويکسين کی قيمت محض تین سے چار ڈالر مقر کی جائے گی۔

جانسن اينڈ جانسن نے اعلان کيا ہے کہ اس کی زير آزمائش ويکسين منظوری کی صورت ميں عوام کو دس ڈالر فی خوراک دستياب ہو گی۔

چينی ويکسين کی دو خوراکوں کی قيمت لگ بھگ ساٹھ ڈالر ہے۔ دريں اثناء بيشتر يورپی ممالک نے اپنے عوام کو کہہ ديا ہے کہ انہيں ويکسين بلا معاوضہ فراہم کی جائے گی۔

ويکسين کيسے دی جائے گی؟

بائیواین ٹيک اور فائزر کی ويکسين کی دو خوارکيں اکيس دن کے فرق سے دی جاتی ہيں۔ موڈرنا ويکسين کی خوراکوں ميں چار ہفتوں کا فرق لازمی ہے۔ اسی طرح چينی ويکسين بھی دو خوراکوں ميں دی جاتی ہے۔ يہ تمام ويکسين کورونا سے بچاؤ کے ليے جسم ميں قوت مدافعت پيدا کرتی ہيں۔ واضح رہے کہ کسی مريض کے کورونا ميں مبتلا ہو جانے کی صورت ميں يہ ويکسين کارآمد نہيں۔ ايسی صورت ميں بالکل ہی مختلف طريقہ علاج اپنايا جاتا ہے۔

دوسری جانب بيشتر مغربی ممالک ميں ويکسين سب سے پہلے طب کے شعبے سے وابستہ ملازمين اور معمر افراد کو دی جا رہی ہے۔ اس کے بعد ان افراد کا نمبر آئے گا، جو ايسے پيشوں سے وابستہ ہيں کہ انہيں عوام سے رابطہ کرنا پڑتا ہے يا باہر زيادہ نکلنا پڑتا ہے۔ اس طرح ايک سلسلہ وار انداز ميں ويکسين فراہم کی جائے گی۔