1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس کے مریض، کن کن ممالک میں

2 فروری 2020

چینی حکومت نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی ایک نئی قسم سے ہونے والی ہلاکتیں بڑھ کر تین سو چار ہو گئی ہیں۔ چینی نیشنل ہیلتھ کمیشن نے اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چودہ ہزار سے زائد بتائی ہے۔

https://p.dw.com/p/3X9mt
Bangladesch | Aus China rückkehrendende Bangladeshi
تصویر: A. Goni

فلپائن میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک شخص کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ چین سے باہر کسی دوسرے ملک میں اس بیماری سے ہونے والی یہ پہلی موت ہے۔ چوالیس سالہ شخص کی موت فلپائنی دارالحکومت منیلا کے ایک ہسپتال میں ہوئی۔ اس کی خاتون پارٹنر چینی ووہان سے تعلق رکھتی ہے۔

دوسری جانب دنیا کے مختلف ممالک میں ایک سو تیس افراد نمونیا کا باعث بننے والے اس وائرس میں مبتلا ہیں اور اُن کا علاج جاری ہے۔ عالمی ادارہٴ صحت نے تیس جنوری کو اس وائرس کی افزائش کے تناظر میں عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا۔ امریکا نے بھی ملک کے اندر نیشنل ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا ہے۔ مختلف ممالک میں علیل افراد کی تفصیل حسب ذیل ہے۔

 

آسٹریلیا

اس ملک میں بارہ مریضوں میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص کی گئی ہے۔ ان مریضوں میں بیشتر چینی صوبے ووہان سے واپس لوٹے تھے۔

 

کمبوڈیا

مشرقی بعید کے اس ملک میں ملکی محکمہٴ صحت نے صرف ایک مریض میں اس وائرس کی موجودگی کا پتہ چلایا ہے۔ یہ وہ ساٹھ سالہ شخص ہے، جو ووہان سے واپس ملک پہنچا تھا۔

Freundinnen in Wuhan, dem Zentrum des Corona-Virus-Ausbruchs
ووہان کے شہری پورے بدن کو ڈھانپنے کے ساتھ ساتھ کلینیکل ماسک بھی پہن کر باہز نگلتے ہیںتصویر: Erda Marpaung

 

ہانگ کانگ

چین کے خصوصی انتظام کے حامل علاقے ہانگ کانگ میں چودہ افراد اس وائرس سے متاثر ہیں اور ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ان کو بقیہ مریضوں سے الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔

 

بھارت

نئی دہلی سے محکمہٴ صحت نے تصدیق کی ہے کہ ایک دوسرے علیل شخص میں بھی کورونا وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق جنوبی ریاست کیرالا میں جس نئے مریض میں وائرس پایا گیا ہے، اُسے فوری طور پر سب سے الگ کر دیا گیا ہے۔

 

جاپان

ٹوکیو سے جاپانی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ پہلی فروری کو تین نئے مریضوں میں چینی وائرس کی تشیخص ہوئی ہے۔ اس طرح جاپان میں اِس وبائی مرض میں مبتلا افراد کی تعداد بیس تک پہنچ گئی ہے۔ ان میں دو ایسے ہیں جن کو دوسرے انسانوں سے یہ مرض منتقل ہوا ہے۔

Schweiz Genf | Pressekonferenz  WHO - Tedros Adhanom Ghebreyesus Ruft Gesundheitsnotstand wegen Coronavirus aus
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے تیس جنوری کو گلوبل ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیاتصویر: Getty Images/AFP/F. Coffrini

 

 میکاؤ

میکاؤ بھی چینی علاقہ ہے لیکن اس کی وجہٴ شہرت وہاں کے جوئے خانے کی انڈسٹری ہے۔ اس علاقے میں آٹھ مریضوں میں نمونیا بیماری کا باعث بننے والا یہ وائرس پایا گیا ہے۔

 

ملائیشیا

مشرق بعید کے ایک اور ملک ملائیشیا میں بھی آٹھ مریضوں کی نشاندہی ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق تمام علیل افراد کا تعلق چینی اقلیتی برادری سے ہے۔

 

نیپال

کوہ ہمالیہ کے دامن میں واقع ریاست نیپال میں ایسے ایک مریض کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے، جو چینی علاقے ووہان سے کھٹمنڈو پہنچا تھا۔ ووہان ہی وہ شہر ہے جہاں پہلی مرتبہ اس وائرس کی دریافت ہوئی تھی۔

Einwohner berichtet aus abgeschotteter Wuhan
چینی شہر ووہان اس وائرس کی افزائش کا مرکز قرار دیا گیا اور اس وقت وہ بقیہ چین سے کٹ کر رہ گیا ہےتصویر: DW/L. Yunzhong

 

سنگاپور

شہری ریاست سنگا پور کے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے مزید افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی کا بتایا ہے۔ اس طرح وہاں اس وائرس سے پیدا ہونے والی بیماری میں مبتلا مریضوں کی تعداد ڈیڑھ درجن ہو گئی ہے۔

 

جنوبی کوریا

جزیرہ نما کوریا کے اس ملک میں اتوار دو فروری کو مزید دو افراد میں اس وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ ان میں ایک بیس سالہ نوجوان بھی ہے جو ووہان سے ایک چارٹرڈ فلائٹ سے واپس وطن پہنچا تھا۔ جنوبی کوریا میں وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد پندرہ ہے۔

سری لنکا

اس ملک میں ایک تینتالیس سالہ شخص میں وائرس کی موجودگی کا بتایا گیا ہے۔ یہ سری لنکن سیاح چینی صوبے ہوبائی کی سیاحت کو گیا ہوا تھا کہ اسے وائرس نے اپنی گرفت میں لے لیا۔

China Isolierstation Krankenhaus in Zouping
کورونا وائرس کی نئی قسم سے مریض کو نمونیا بیماری کا سامنا کرنا پڑتا ہےتصویر: AFP

 

تائیوان

اس جزیرہ نما ریاست میں وائرس میں مبتلا مریضوں کی کل تعداد دس ہے۔ ان میں دو بزرگ چینی خواتین بھی ہیں جو سیاحت کے لیے ایک گروپ میں شامل ہو کر تائیوان پہنچی تھیں۔

 

تھائی لینڈ

چین کی ہمسایہ ریاست تھائی لینڈ میں اس وائرس کی وجہ سے نمونیا بیماری میں مبتلا مریضوں کی تعداد انیس بتائی گئی ہے۔

 

ویتنام

ویتنام میں متعدی مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد چھ ہے۔ اتوار کو بھی ایک نیا مریض سامنے آیا ہے۔ چھٹا مریض وسطی صوبے سے ہے اور اس کی عمر پچیس سال ہے۔ یہ ایک ہوٹل کا ملازم ہے۔

Germersheim Coronavirus Evakuierte
چین سے جرمنی پہنچنے والے باشندوں کو ایک بس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیاتصویر: picture-alliance/dpa/F. Rumpenhorst

کینیڈا

شمالی امریکی ملک کینیڈا میں چینی شہر ووہان میں نمودار ہونے والے وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد چار ہے۔

 

امریکا

 امریکا کی مختلف ریاستوں میں سات مریضوں میں وائرس کی موجودگی کا پتہ چلا ہے۔ تین مریض کیلیفورنیا، دو الینوائے، ایک ایک میساچوسٹس اور واشنگٹن ریاستوں میں ہیں۔

 

برطانیہ

لندن حکومت نے بتایا ہے کہ دو مریضوں میں اس وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔ پہلی مرتبہ جمعے اکتیس جنوری کو ان مریضوں کے حوالے سے اعلان کیا گیا تھا۔ ان میں ایک شخص ووہان کی سیاحت سے لوٹا تھا۔

Philippinen Coronavirus Schutzmaskenverkauf
فلپائن میں احتیاطی تدابیر اپنانے کے تحت حفاظتی ادویات کی طلب بہت زیادہ بڑھ گئی ہےتصویر: Getty Images/AFP/T. Aljibe

 فرانس

اس یورپی ملک میں  کورونا وائرس کے چھ مریض زیر علاج ہیں۔

 

جرمنی

جرمن حکام نے سات افراد میں نمونیا بیماری کے اس نئے وائرس کی نشاندہی کا بتایا ہے۔

 

اٹلی

اطالوی وزیراعظم جوزپے کونٹو کے مطابق تیس جنوری کو پہلی مرتبہ ایسے دو چینی سیاحوں میں اس وائرس کی نشاندہی ہوئی جو چین سے اٹلی پہنچے تھے۔

 

روس

ماسکو حکومت نے دو افراد کے اس مرض میں مبتلا ہونے کا بتایا ہے۔

China Qingdao  Coronavirus  Desinfektion
مختلف چینی صوبے کے بڑے شہروں میں جراثیم کش اسپرے کا سلسلہ بھی شروع کیا جا چکا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo/Chinatopix

 

سویڈن

اس یورپی ملک میں ایک مریض میں وائرس کی نشاندہی ہوئی ہے۔ اس مریض کی شہریت عام نہیں کی گئی ہے۔

 

اسپین

 ہسپانوی جزیرے لا گومیرا میں پہلی مرتبہ ایک مریض میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی موجودگی کا پتہ چلا۔ اس ملک میں طبی حکام نے پانچ افراد کو الگ تھلگ کر رکھا ہے لیکن ان میں ابھی تک وائرس کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ ان میں ایک جرمن شہری بھی ہے۔

 

متحدہ عرب امارات

خلیجی ریاست نے ایک مریض میں وائرس کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ علیل شخص چینی شہریت کا حامل ہے۔

 

ع ح ⁄ ا ا (اے ایف پی)