1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستشمالی امریکہ

کورونا سے دو ملین سے بھی زائد اموات کا امکان کافی زیادہ

26 ستمبر 2020

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ اگر کووڈ انیس کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی سطح پر بہت مؤثر اقدامات نہ کیے گئے، تو دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے انسانی اموات کی کل تعداد دو ملین سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔

https://p.dw.com/p/3j2DP
تصویر: Reuters/F. Lo Scalzo

جنیوا میں اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ نئے کورونا وائرس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووڈ انیس کے باعث کرہ ارض پر انسانی زندگی پہلے ہی بہت متاثر ہوئی ہے اور اس عالمی وبا کی وجہ سے انسانی ہلاکتوں کی تعداد اب ایک ملین کی حد عبور کرنے کو ہے۔

ریو کارنیوال ملتوی، وجہ کورونا وائرس کی وبا

عالمی ادارہ صحت کے ہنگامی حالات کے خلاف اقدامات کے شعبے کے ڈائریکٹر مائیکل راین نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا، ''ایک ملین (اموات) بھی ایک خوف ناک حقیقت ہو گی۔ ہمیں اس بارے میں غور کرنے کی ضرورت ہے، اس سے پہلے کہ ہم یہ سوچنا شروع کر دیں کہ آیا اس عالمی وبا کے ہاتھوں دو ملین تک انسان ہلاک ہو سکتے ہیں۔‘‘

کوئی ویکسین جلد دستیاب نہ ہوئی تو؟

عالمی ادارہ صحت کے اس عہدیدار سے جب یہ پوچھا گیا کہ کووڈ انیس کے خلاف کسی مؤثر ویکسین کے عام استعمال کے لیے دستیاب ہونے سے پہلے تک کیا اس وائرس کے ہاتھوں دو ملین تک انسانی اموات بھی ممکن ہیں، تو مائیکل راین نے کہا، ''ہم سب مل کر وہ سب کچھ کرنے کو تیار ہیں، جس کی مدد سے اس وائرس کے ہاتھوں اموات کی تعداد کے دو ملین تک ہو جانے کو روکنے کی کوشش کی جا سکے۔‘‘

تاہم ساتھ ہی مائیکل راین نے کہا، ''اگر ہم (عالمی برادری) نے فیصلہ کن اقدامات نہ کیے، تو یہ عین ممکن ہے کہ ہمیں اتنی زیادہ اموات دیکھنا پڑیں۔ اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ ایسی صورت میں یہ اموات دو ملین سے بھی کہیں زیادہ ہو سکتی ہیں ۔‘‘

اب تک متاثرین اور ہلاکتوں کی عالمی تعداد

گزشتہ برس چینی شہر ووہان سے شروع ہو کر دنیا بھر میں پھیل جانے والی کووڈ انیس کی وبائی بیماری کے باعث اب تک مجموعی طور پر 32.3 ملین انسان متاثر ہو چکے ہیں۔ ان میں سے بہت بڑی تعداد اب تک دوبارہ صحت یاب بھی ہو چکی ہے جبکہ لاکھوں مریض ابھی تک زیر علاج بھی ہیں۔

کورونا وائرس: اقوام متحدہ میں چین اور امریکا کی ایک دوسرے پر الزام تراشی

اس عالمی وبا کے حوالے سے یہ بات بھی انتہائی تشویش ناک ہے کہ یہ مرض اب تک دنیا کے 200 سے زائد ممالک اور خطوں میں مجموعی طور پر کم از کم بھی نو لاکھ 84 ہزار انسانوں کی موت کی وجہ بن چکا ہے۔ خدشہ ہے کہ عنقریب ہی اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد مزید بڑھ کر ایک ملین کی حد بھی پار کر جائے گی۔

م م / ع آ (اے پی، اے ایف پی)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں